کھلی کچہری کے انعقاد سے مسائل حل ہونے میں مدد ملتی ہے،نیک محمد خان

    کھلی کچہری کے انعقاد سے مسائل حل ہونے میں مدد ملتی ہے،نیک محمد خان

  



مردان (بیورورپورٹ)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر مردان نیک محمد خان نے کہا ہے کہ کھلی کچہری کے انعقاد سے عوام کے درپیش مسائل حکومتی اداروں کے سامنے اجاگر ہو کر ان کے جلد از جلد حل کیلئے عملی اقدامات یقینی بنانے میں مدد ملتی ہے۔ جس سے نہ صرف حکومتی اداروں کی کارکردگی کا بھی پتہ چلتا ہے بلکہ عوام کا اداروں کے اوپر اعتماد کی بحالی میں بھی مدد ملتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ ڈگری کالج گڑھی کپورہ میں منعقدہ کھلی کچہری سے خطاب کے دوران کیا۔ کھلی کچہری میں ایڈیشنل اسسٹنٹ زین علی رضا، تحصیل دار عادل وسیم، ایکسین سی اینڈ ڈبلیو (بلڈنگ) عمران، ایکسین پبلک ہیلتھ محمد وسیم، ڈی او سوشل ویلفیئر سید علی بخش سمیت دیگر سرکاری محکموں کے افسران، سابقہ ڈسٹرکٹ ممبران اور عوام کی کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر عوام نے مختلف محکموں سے متعلق مسائل اے ڈی سی کو پیش کیں، جن میں نکاسی آب، بی ایچ یوز میں ادویات کی فراہمی، سوئی گیس اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ، آئس نشہ کے خلاف کاروائی و آگاہی، آوارہ کتوں کے خلاف مہم، سڑکوں کی تعمیر، ٹریفک مسائل، بازاروں میں فٹ پاتھوں پر ناجائز تجاوزات، ایریگیشن و پینے کے صاف پانی کے ٹیوب ویلوں سمیت دیگر مسائل شامل تھے۔ جس پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ مذکورہ تمام مسائل کے حل کیلئے ضلعی انتظامیہ اقدامات اٹھارہی ہے، شہر میں ٹریفک کا رش کم کرنے کیلئے سڑکوں کی کشادگی اور ناجائز تجاوزات کے خلاف اپریشن جاری رہیگا۔ انہوں نے کئی مسائل کو موقع پر حل کرنے اور بعض مسائل کے حل کے لئے متعلقہ محکموں کو سختی سے ہدایات جاری کیں۔ اور پراگریس رپورٹ ایک ہفتے کے اندر اندر طلب کی۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر محمد عابد خان وزیر کی جانب سے عوام کو پیغام دیا کہ کھلی کچہری کا مقصد عوام اور سرکار کے درمیان رابطہ بنانا ہے اور عوام کسی بھی وقت بلا جھجک ہمارے یا کسی بھی محکمہ کے دفاتر آکر شکایت کی صورت میں ہم سے رابطہ کریں۔

مزید : پشاورصفحہ آخر