لائبریری کلچر متعارف کرانا احسن اقدام ہے،ثمر ہارون بلور

  لائبریری کلچر متعارف کرانا احسن اقدام ہے،ثمر ہارون بلور

  



پشاور(سٹی رپورٹر) عوامی نیشنل پارٹی سے تعلق رکھنے والی ممبر صوبائی اسمبلی ثمر ہارون بلور نے اسامہ ظفر شہید گورنمنٹ سینیٹیل ہائیر سیکنڈری سکول میں ”اپنی کتاب لائبریری“ کا افتتاح کردیا۔ اس موقع پر سکول کے پرنسپل جہانگیر خان‘ وائس پرنسپل ممریز خان‘ اساتذہ کرام مصباح الحق‘ میاں ضیاء الرحمان‘ کوآرڈی نیٹر سپیشل انیشیٹیو طفیل اور دیگر نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ طلباء سے خطاب کرتے ہوئے ثمر ہارون بلور نے کہا کہ لائبریری کلچر متعارف کرانا ایک اچھا اقدام ہے جس پر ڈی ای او ادریس اعظم کی کاوشوں کو سراہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آجکل زیادہ تر طلباء انٹرنیٹ سے استفادہ کرتے ہیں جو بہت زیادہ حقائق پر مبنی نہیں ہوتا تاہم کتاب سے استفادہ کرنا ایک اچھا اقدام ہے۔ اس دوران سکول کے طلباء نے ممبر صوبائی اسمبلی ثمر ہارون بلور کو بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی سے متعلق آگاہ کیا جس پر انہوں نے یقین دلایا کہ وہ اس حوالے سے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گی اور متعلقہ حکام کو بھی آگاہ کر دیں گی۔ سکول پرنسپل نے بتایا کہ کتاب کو پڑھنے کا ٹرینڈ ختم ہونے والا ہے اس لئے اپنی کتاب لائبریری کا اہتمام کیا گیا تاکہ بچوں کو ایک بار پھر اس طرف راغب کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سکول میں آئندہ بھی ایسی سرگرمیاں کی جائیں گی تاکہ بچے کتاب بینی کی طرف راغب ہو سکیں۔

مزید : پشاورصفحہ آخر