سرکاری ملازمت کو فرض سمجھ کر خوش اسلوبی سرانجام دیا، آر پی او ڈیرہ
ڈیرہ اسما عیل خان(بیورورپورٹ)ریجنل پولیس آفیسر کیپٹن(ر) سید فیروز شاہ نے کہا ہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان کے لوگوں کی محبت اور امن کے حوالے سے مثالی تعاون کرنے پر عوام، سیکورٹی اداروں، انتظامیہ، سول سوسائٹی اور میڈیا کا بے حد مشکور ہوں، سرکاری ملازمت کو ہمیشہ فرض سمجھ کر خلوص نیت سے سرانجام دیا، لوگوں کے پولیس کے حوالے سے مسائل کے حل کیلئے ہمیشہ اپنے دفتر کے دروازے کھلے رکھے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں صحافیوں سے الوداعی ملاقات میں کیا۔ وفد میں سینئر صحافی محمد ریحان اور محمد فضل الرحمن شامل تھے۔ اس موقع پر ڈیرہ ڈویژن میں وسائل کی کمی اور حساس حالات کے باوجود قیام امن کو یقینی بنانے اور عوام سے تعاون کی بہترین روایت رکھنے پر ان کو صحافی برادری کی جانب سے شیلڈ پیش کی۔ ریجنل پولیس آفیسر کیپٹن(ر) سید فیروز شاہ نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان پولیس کا شمار خیبر پختونخوا کی بہادر، مستعد پولیس میں ہوتا ہے، یہاں کے پولیس اہلکاروں نے جانوں کے نذرانے پیش کئے اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کیلئے اپنا مثالی کردار ادا کیا۔پولیس کا مورال بلندہے، تھانوں سے ٹاؤٹ کلچر کا خاتمہ ہوا، عوام کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔ ڈیرہ اسماعیل خان کے لوگ امن پسند ہیں، یہاں کے لوگوں کا تعاون اور کردار ناقابل فراموش ہے۔