ایس ایس پی آپریشن سے فیتھ فرینڈز گروپ تنظیم کی ملاقات
پشاور (کرائمز رپورٹر) کیپٹل سٹی پولیس پشاور کی جانب سے امن و امان کی فضا کو برقراررکھنے کی خاطرتمام وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے،بین المذاہب ہم آہنگی اوراقلیتوں کا تحفظ اولین ترجیحات میں شامل ہے،دیگر مذاہب، مسالک اور تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کے ساتھ مل کر معاشرے کی فلاح کے لئے کام کررہے ہیں، اقلیتوں کو مساوی حقوق دے کر بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دیا جا سکتا ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اقلیتوں کا کردار اور قربانیاں مسلمہ ہیں، اقلیتی برادری کو درپیش مسائل اور سکیورٹی خدشات کے پیش نظر اقلیتی عبادتگاہوں اور تعلیمی اداروں کی سکیورٹی کا وقتا فوقتا سکیورٹی آڈٹ کرایا جاتا ہے،اقلیتوں کے تحفظ اور سکیورٹی پر سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا جس میں کوتاہی و غفلت برداشت نہیں کی جائیگی، ان خیالات کا اظہار گزشتہ روزایس ایس پی آپریشن ظہور بابر آفریدی نے فیتھ فرینڈز گروپ کے نمائندہ وفد کے ساتھ خصوصی ملاقات کے دوران کیاتفصیلات کے مطابق گزشتہ روزملک سعد شہید پولیس لائن پشاورمیں ایس ایس پی آپریشن ظہور بابر آفریدی نے بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ اور اقلتیوں کی حقوق کی خاطرقائم ہونے والے خصوصی تنظیم فیتھ فرینڈز گروپ کے نمائندہ وفد کے ساتھ خصوصی ملاقات کی ہے، اریندر سنگھ، پیسٹر وقار سلامت، فواد اختاری، پنڈت ہری لال، مولانا حمد اللہ اور عارف یوسف سمیت دیگر شرکاء پر مشتمل وفد کے ساتھ ملاقات میں مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پر ایس ایس پی آپریشن نے شرکاء سے بات چیت کرتے ہوئے واضح کیا کہ بلاتفریق مذہب، رنگ و نسل تمام اقلیتوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر کام کررہے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ آئین پاکستان کی روسے مذہب کی بنیاد پر کسی کے ساتھ کوئی امتیازی سلوک روا نہیں رکھا جاسکتا، انہوں نے امن پسند اور آئیڈیل معاشرے کے قیام کی خاطرتمام مذاہب کے مابین تعاون کی ضرورت پر زور دیا، ایس ایس پی آپریشن نے مزیدکہا کہ اقلیتی عبادتگاہوں اور تعلیمی اداروں کے تحفظ کو یقینی بنانے کی خاطر وقتا فوقتا ان کے سکیورٹی آڈٹ کر کے لائحہ عمل ترتیب دیا جاتا ہے،انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اقلیتوں کی قربانیوں اور شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہر میں امن کے کے قیام میں اقلیتوں کے کردار کو سراہااس موقع پر شرکاء نے اقلیتوں کے تحفظ اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے میں پولیس کے کردار کو سراہتے ہوئے پولیس کے ساتھ ہر قسم کے تعاون کا عزم ظاہر کیا