اجمل خان وزیر نے شہری کو ہیلمٹ پہنا کر کریم ہیلمٹ آگاہی مہم کا افتتاح کردیا
پشاور(سٹاف رپورٹر) وزیراعلٰی کے مشیر برائے ضم شدہ اضلاع و ترجمان پختونخوا حکومت اجمل خان وزیر نے شہری کو ہیلمٹ پہنا کر کریم ہیلمٹ آگاہی مہم کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر کریم مینجمنٹ کے سینئر ممبر عبدالرحمان و عام شہری بھی موجود تھے۔ ہیلمٹ آگاہی مہم بارے اظہار خیال کرتے ہوئے اجمل خان وزیر کا کہنا تھا کہ آئے روز ٹریفک حادثات میں اضافہ ہورہا ہے جس کی بڑی وجہ نوجوان نسل میں ہیلمٹ سے متعلق شعور کی کمی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہیلمٹ سے متعلق قوانین بھی موجود ہیں اور اس بارے خاطر خواہ مہمات بھی چلائی جاچکی ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اکثر نوجوان بغیر ہیلمٹ کے موٹر سائیکل چلاتے ہیں جو کہ خطرناک حادثات کا شکار ہوتے ہیں اور جان تک گنوا دیتے ہیں۔اجمل خان وزیر کا مزید کہنا تھا کہ نوجوان نسل ہیلمٹ کا استعمال شروع کرکے اپنی زندگیوں کو محفوظ بنائیں اور ٹریفک حادثات میں کمی کا سبب بنیں۔ اجمل خان وزیر نے عام شہریوں کو پچاس ہیلمٹ پہنا کر مہم کا افتتاح کیا۔ کریم انتظامیہ کے نمائندہ عبدالرحمان کا اس موقع پر کہنا تھا کہ پشاور شہر میں موٹرسائیکل سروس متعارف کرنے سے ہیلمٹ کی اہمیت مزید بڑھی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہیلمٹ آگاہی مہم میں اب تک سینکڑوں ہیلمٹ تقسیم کئے جاچکے ہیں اور سینکڑوں ہیلمٹ مزید تقسیم کئے جائینگے۔