دنیا کو مقبوضہ کشمیر کے بچوں کو فراموش نہیں کرنا چاہئے:دفتر خارجہ

  دنیا کو مقبوضہ کشمیر کے بچوں کو فراموش نہیں کرنا چاہئے:دفتر خارجہ

  



اسلام آباد (این این آئی)پاکستان کے اقوام متحدہ کے حقوق اطفال کے کنونشن میں شمولیت کے تیس برس مکمل ہوگئے، ترجمان دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ دنیا کو مقبوضہ کشمیر کے بچوں کو فراموش نہیں کرنا چاہیے، عالمی برادری مقبوضہ کشمیر کے بچوں کی آواز بنے۔ ایک بیان میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ ہمیں بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر کے بچوں کی تکالیف و مشکلات کو فراموش نہیں کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں بچے بھارتی مظالم برداشت کر رہے ہیں،اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے کمشنر،ماہرین اور بین الاقوامی سول سوسائٹی نے مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی افواج کی نہتے بچوں کیخلاف انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو دکھایا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ بھارتی قابض افواج مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیری بچوں کے خلاف حراست، چھاپوں کے دوران اغواء اور غیرقانونی پیلٹ گنز کے استعمال سے بینائی سے محروم کرنے جیسے جرائم کر رہی ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض افواج غیر قانونی پیلٹ گنز کے استعمال سے بینائی سے محروم بچوں کے اہل خانہ کو علاج بیرون ممالک جانے کی اجازت نہیں دے رہی۔ انہوں نے کہاکہ قابض بھارتی افواج کے مقبوضہ کشمیر میں طویل کرفیو کے باعث وہاں بچوں کو حصول علم میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی افوج کے غیر انسانی مظالم و انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے بچوں کی جسمانی و نفسیاتی صحت پر انتہائی مضر اثرات مرتب کو رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہم بین الاقوامی برادری پر زور دیتے ہیں کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے بچوں کی آواز بنے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ بین الاقوامی برادری بھارت پر کنونشن برائے حقوق اطفال سے متصادم غیرقانونی و غیر نسانی اِقدامات کوروکنے کیلئے دباؤ ڈالے۔ترجمان نے کہاکہ بین الاقوامی برادری بھارت کو کنونشن براے حقوق اطفال کے روشنی میں اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کا پابند بنائے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان نے بچوں کی ترقی کو یقینی بنانے، آگے بڑھنے کے یکسان مواقع کی فراہمی اور استحصال کے خاتمہ کیلئے متعدد محکمانہ و قانونی اقدامات کیے ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ بچوں کے حقوق کے تحفظ میں پیش قدمی ہمارے مستقبل کی سرمایہ کاری ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم ہر پاکستانی بچے کے حقوق کے تحفظ کے فروغ،ان کو بااختیار بنانیاور یکساں مواقع کی فراہمی کیلئے اپنی پالیسیاں جاری رکھیں گے۔

دفتر خارجہ

مزید : صفحہ اول