حکومت سندھ آبادگاروں کے ساتھ زیادتی کا سلسلہ بند کروائے،فردوس شمیم

  حکومت سندھ آبادگاروں کے ساتھ زیادتی کا سلسلہ بند کروائے،فردوس شمیم

  



کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما و قائد حزب اختلاف سندھ فردوس شمیم نقوی نے کہا ہے کہ حکومت سندھ آبادگاروں کے ساتھ زیادتی کا سلسلہ بند کروائے۔ چاول کی فصل پر ملرز مالکان آبادگاروں کے ساتھ نا انصافی کر رہے ہیں۔ رائس ملرز آبادگاروں کے ساتھ ہونے والے معاہدے کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔ اس وقت رائس ملرز معاہدے کے مطابق زیادہ مقدار میں فصل کی کٹوتی کر رہے ہیں جس کی کوئی وجہ نہیں بتائی جاتی۔ یہ باتیں انہوں نے سندھ اسمبلی اپوزیشن لیڈر آفس میں بدین سے آئے ہوئے آبادگاروں کے وفد سے ملاقات کے بعد اپنے جاری کردہ بیان میں کہیں۔ آبادگاروں نے فردوس شمیم نقوی کو اپنے مسائل سے آگاہ بھی کیا۔ فردو س شمیم نقوی کا مزید کہنا تھا کہ آبادگار اپنی شکایت لے کر صوبائی وزیر اسماعیل راہو کے پاس گئے لیکن انہوں نے انکی شکایت پر کان نہیں دھرے۔ مارکیٹ میں چاول کی قیمتیں تو بڑھا دی گئی ہیں لیکن آبادگاروں کو اب تک کوئی اضافی قیمت ادا نہیں کی جارہی۔یا تو رائس ملرز فوری طور پر اپنی قیمتوں میں کمی کریں یا پھر غریب کسانوں کوان کا جائز حصہ دیں۔رائس ملرز اور آبادگاروں کے درمیان موجود سرکاری افسران غریبوں کا حق مار رہے ہیں اور ملرز کا ساتھ دے کر انہیں فائدہ پہنچا رہے ہیں۔پاکستان تحریک انصاف اس معاملے پر آبادگاروں کے ساتھ ہے اورہر فورم پر ان کے لئے آواز بلند کریں گے۔ ہم نیب اور ایف آئی اے سے بھی درخواست کریں گے کہ اس معاملے کی شفاف انکوائری کریں۔

مزید : صفحہ اول