آصف زرداری کو طبی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے،نوید بھٹی

آصف زرداری کو طبی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے،نوید بھٹی

  



کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلزپارٹی کراچی کے سیکرٹری ریکارڈ ز اینڈ ایونٹس نوید بھٹی نے کہا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری کو شدید بیماری کی حالت میں طبی سہولتوں کی عدم فراہمی وفاقی حکومت کی آمرانہ سوچ کا عکاس ہے۔اس طرح کے ہتھکنڈے مرد حر آصف علی زرداری کو حکومت کے سامنے جھکنے پر مجبور نہیں کرسکتے ہیں۔حکومت سابق صدر کو علاج کے لیے فوری طور پر کراچی منتقل کرنے کے احکامات جاری کرے۔بدھ کو جاری بیان میں نوید بھٹی نے کہا کہ آصف علی زرداری کی صحت کے حوالے سے پیپلزپارٹی کے کارکنوں سمیت ملک کے کروڑوں عوام کو سخت تشویش ہے۔سخت بیماری کی حالت میں سابق صدر کو حکومت کی جانب سے طبی سہولتیں فراہم نہیں کی جارہی ہیں اور نہ ہی ان کے لیے کوئی میڈیکل بورڈ تشکیل دیاجارہا ہے۔آصف علی زرداری کو مختلف امراض میں مبتلا ہیں،جس کا فوری علاج انتہائی ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ جعلی حکمرانوں نے انتقامی سیاست کا بدترین مظاہرہ کرتے ہوئے سابق صدر کی زندگی کو داؤ پر لگادیا ہے۔میاں نواز شریف کی طرح آصف علی زرداری کے لیے بھی میڈیکل بورڈ تشکیل دیاجائے اور اس بورڈ کی ہدایت کی روشنی میں ان کو علاج معالجے کی سہولیات فراہم کی جائیں۔انہوں نے کہا کہ ضروررت اس امر کی ہے کہ آصف زرداری کو علاج کے لیے کراچی منتقل کیا جائے۔نوید بھٹی نے کہا کہ آصف زرداری کو انتقامی کارروائی کا نشانہ بنانے کے خلاف ملک بھر میں احتجاج کیا جارہا ہے اور اگر ہمارے مطالبات تسلیم نہیں کیے گئے پارٹی قیادت کی ہدایت پر نیا لائحہ عمل اختیارکیا جائے گا۔

مزید : صفحہ آخر