بدین (ویب ڈیسک) سندھ کے شہر بدین کی سبزی منڈی میں ٹماٹر کی رسد میں اضافہ ہو گیا ہے جس کے بعد علاقے میں ٹماٹر کی قیمتوں میں بھی ایک سو روپے کی کمی آ گئی ہے۔
روزنامہ جنگ کے مطابق مقامی منڈی میں ٹماٹروں کی رسد میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے، آج ٹماٹر کے 2 ہزار تھیلے فروخت کے لیے لائے گئے جس کے بعد ٹماٹر کا 18 کلو کا تھیلا 3500 روپے میں فروخت ہوا۔ٹماٹر کی آمد میں اضافے کے ساتھ عام دکانوں پر 300 روپے فروخت ہونے والا ٹماٹر 200 روپے فی کلو ہو گیا۔دوسری جانب منڈی میں ٹماٹر کی رسد میں اضافے کے ساتھ اس کی کراچی منتقلی بھی بڑھ گئی، نئی فصل کے مارکیٹ میں آتے ہی ٹماٹر کی قیمتوں میں مزید کمی کا امکان ہے۔ادھر کوئٹہ میں ٹماٹروں کی قلت کے باعث ایران سے ٹماٹروں کی درآمد کا سلسلہ جاری ہے۔
ایران سے درآمد کردہ ٹماٹر کے 47 مزید کنٹینرز تفتان سے کوئٹہ پہنچ گئے، اب تک مجموعی طور پر 137 کنٹینرز سے 2877 میٹرک ٹن ٹماٹر درآمد کیا گیا ہے۔کوئٹہ میں آج ٹماٹروں کے مزید 37 کنٹینرز پہنچے ہیں، پہنچنے والے ان کنٹینرز کی این ایل سی کسٹم ڈرائی پورٹ پر کلیئرنس جاری ہے۔کسٹم حکام کے مطابق کوئٹہ پہنچنے والے ٹماٹروں کے تمام کنٹینرز کی کلیئرنس آج کر دی جائے گی۔کسٹم حکام کا مزید کہنا ہے کہ اب تک ایران سے درآمد کردہ ٹماٹروں کے 137 کنٹینرز کوئٹہ پہنچ چکے ہیں جبکہ گزشتہ روز تک 90 کنٹینرز کی کسٹم کلیئرنس کی جا چکی ہے، آج تفتان سے ٹماٹروں کے مزید کنٹینرز بھی کوئٹہ پہنچنے کا امکان ہے۔