’تحریک انصاف کا فارن فنڈنگ کیس انتہائی گمبھیر ہے اور ۔۔۔ ‘ اسحاق ڈار نے الیکشن کمیشن سے بڑا مطالبہ کردیا

’تحریک انصاف کا فارن فنڈنگ کیس انتہائی گمبھیر ہے اور ۔۔۔ ‘ اسحاق ڈار نے ...
’تحریک انصاف کا فارن فنڈنگ کیس انتہائی گمبھیر ہے اور ۔۔۔ ‘ اسحاق ڈار نے الیکشن کمیشن سے بڑا مطالبہ کردیا

  



لندن (ڈیلی پاکستان آن لائن) مسلم لیگ ن کے رہنما اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن نے فارن فنڈنگ کیس میں اپنے تمام اکاﺅنٹس کی تفصیلات الیکشن کمیشن کو جمع کرادی ہیں۔ تحریک انصاف کا فارن فنڈنگ کیس انتہائی گمبھیر ہے، الیکشن کمیشن اپنی آئینی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے اس کیس کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کرے۔

اپنے ایک ویڈیو پیغام میں اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے فارن فنڈنگ کے حوالے سے مسلم لیگ ن کو نوٹس موصول ہوا ہے۔ ہم نے اپنے بینک اکاﺅنٹس کی مکمل تفصیل الیکشن کمیشن کو جمع کرائی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے خلاف فارن فنڈنگ کی شکایت اس کے بانی رکن اکبر ایس بابر نے کی تھی جبکہ ن لیگ کے خلاف پی ٹی آئی نے ڈیڑھ سال پہلے خفت مٹانے کیلئے درخواست دی تھی۔ 5 سال سے یہ معاملہ لٹکا ہوا ہے جو نا انصافی ہے، تحریک انصاف کے درجنوں ایسے اکاﺅنٹس ہیں جنہیں فارن فنڈنگ سے بھرا گیا ، تحریک انصاف کا معاملہ بہت زیادہ گمبھیر ہے، الیکشن کمیشن کو اپنی آئینی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے اس کیس کو روزانہ کی بنیاد پر سنتے ہوئے اس کا فیصلہ آئین اور قانون کی بنیاد پر دینا چاہیے۔

مزید : قومی