چینی سفیر  کی وزیر خارجہ سے ملاقات،اقتصادی راہداری، ون بلٹ ون روڈ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

چینی سفیر  کی وزیر خارجہ سے ملاقات،اقتصادی راہداری، ون بلٹ ون روڈ سمیت باہمی ...
چینی سفیر  کی وزیر خارجہ سے ملاقات،اقتصادی راہداری، ون بلٹ ون روڈ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

  



اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان میں چین کے سفیر یا جنگ نے وفد کے ہمراہ وزارت خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی،ملاقات میں پاک چین اقتصادی راہداری، ون بلٹ ون روڈ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال  ہوا۔

اس موقع پر وزیر خارجہ  مخدوم شاہ محمود قریشی  نے کہا کہ پاک چین دوستی اس عہد میں کامیابی کی عظیم مثال بن چکی ہے،وزیر اعظم عمران خان اور چین کے صدر شی کے درمیان پانی جانے والی قربت نہ صرف دونوں ممالک کے لیے بلکہ پورے خطے کے کیلئے تعمیر و ترقی کی ضامن ہے۔اُنہوں نے کہاکہ سی پیک اور بیلٹ اینڈروڈ جیسے منصوبوں کی تکمیل سے رکاوٹیں ختم ہونگی،عوام قریب آئیں گے اور روابط کو فروغ ملے گا ۔مخدوم شاہ محمود قریشی  نے کہا کہ  پاک چین اقتصادی راہداری کی تکمیل سے خطے میں معاشی ترقی اور خوشحالی کا دور دورہ ہو گا ،پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت شروع کئے گئے منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کیلئے سی پیک اتھارٹی قائم کر دی گئی ہے،جلد خصوصی اقتصادی زونز قائم کرنے جارہے ہیں۔وزیر خارجہ نےکہاکہ سی پیک خطے میں تبدیلی کا استعارہ ہے، بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کے ذریعے ڈیجیٹل رابطوں، سیاحت، ثقافتی روابط اور پائیدار ترقی،جیسے ثمرات حاصل ہونگے ،اقتصادی راہداری کے دوسرے مرحلے میں  ہماری توجہ صنعت سازی اور معاشی و معاشرتی ترقی پر مرکوز ہے۔

چینی سفیر نے وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان چین کا بااعتماد دوست ہونے کے ساتھ ساتھ اہم خطوں کی گزرگاہ ہے ،پاک چین اقتصادی راہداری سے خطے میں روابط کو فروغ ملے گا اور یہی روابط کا فروغ ہی پاک چین اقتصادی راہداری کا خاصہ ہیں۔

مزید : قومی