ملکہ برطانیہ نے شہزادے کو برطرف کردیا
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) ملکہ برطانیہ نے بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کرنے والے امریکی سرمایہ کار جیفرے ایڈورڈ ایپسٹین سے دوستی رکھنے پر شہزادہ اینڈریو کو عوامی فرائض سے معطل کر دیا۔
میل آن لائن کے مطابق ملکہ الزبتھ نے ڈوک آف یارک شہزادہ اینڈریو کو گزشتہ روز بکنگھم پیلیس طلب کیا اور وہاں اسے عوامی فرائض سرنڈر کرنے کا حکم دیا اور اس کی 2لاکھ 49ہزار پاﺅنڈ کی تنخواہ بھی ختم کر دی جو اب شہزادہ اینڈریو کو نہیں ملے گی۔
رپورٹ کے مطابق جیفرے ایڈورڈ کو کئی بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے جرم میں قید کی سزا ہوئی۔جیل سے رہا ہونے کے بعد رواں سال اگست میں جیفرے نے خودکشی کر لی تھی۔ جب اسے مجرم قرار دے گیا اس کے بعد بھی شہزادہ اینڈریو نے اس سے ملاقات کی۔ جیفرے کی گرفتاری کے بعد سے برطانیہ میں اس کی شہزادہ اینڈریو کے ساتھ دوستی میڈیا کی زینت بنتی رہی اور جب شہزادہ اینڈریو کی جیل جیفرے سے ملاقات کی خبر آئی تو برطانوی شاہی خاندان کو اس پر خاصی سبکی کا سامنا کرنا پڑا۔
اب فرائض سے معطل کیے جانے کے بعد شہزادہ اینڈریو نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ انہیں جیفرے کے ہاتھوں جنسی زیادتی کا شکار ہونے والے بچوں کے ساتھ ہمدردی ہے۔ ایپسٹین کے خلاف کسی بھی طرح کی پولیس تحقیقات ہوتی ہیں تو میں ان میں پوری طرح تعاون کروں گا۔