وہ میدان جس میں پاکستان نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا، پاکستانیوں کی جیبیں بھر گئیں
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) ملکی معیشت کی ابتری کی خبروں کے درمیان ایک ایسی خوشی کی خبر آگئی ہے کہ سن کر پاکستانی جھوم اٹھیں گے۔ ایکسپریس ٹربیون کے مطابق خبر یہ ہے کہ گزشتہ تین ماہ میں پاکستان سٹاک مارکیٹ نے تیزی کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے اور پوری دنیا کو پیچھے چھوڑ گئی ہے۔ گزشتہ تین ماہ میں پاکستانی سٹاک مارکیٹ 30فیصد اوپر گئی اور تیزی کی شرح میں دنیا بھر میں پہلے نمبر پر آگئی۔
اسی عرصے میں دوسرے نمبر پر آئرلینڈ کی سٹاک مارکیٹ 20فیصد اور تیسرے نمبر پر روسی سٹاک مارکیٹ 15فیصد اوپر گئیں۔ کراچی سٹاک ایکسچینج 100انڈیکس گزشتہ سات ماہ کی بلند طرح سطح پر پہنچ چکا ہے۔ اس سے قبل کراچی سٹاک ایکسچینج نے تاریخی مندی کا بھی دور دیکھا اور رواں سال اگست میں گزشتہ 5سال کی کم ترین سطح پر آ گئی تھی۔ تاہم آئی ایم ایف کی طرف سے قرض لینے اور دیگر اقدامات کیے جانے کے بعد سٹاک مارکیٹ سنبھلی اور اب تیزی کے ساتھ اوپر اٹھ رہی ہے۔خادم معلی شاہ بخاری سکیورٹیز کے منیجنگ ڈائریکٹر اے اے ایچ سومرو کا کہنا تھا کہ ”سٹاک مارکیٹ میں اس تیزی کے ساتھ توقع پیدا ہوئی ہے کہ میوچل فنڈز اور انشوررز سمیت بڑے سرمایہ کار بھی اب سرمایہ کاری شروع کریں گے جس سے ملکی معیشت کو بہت سنبھالا ملے گا۔“