جعلی بینک اکاﺅنٹس کیس، آصف زرداری اور ساتھیوں سے 100 ارب ملنے کی امید، ایک پارٹی نے 15 ارب کی پلی بارگین کی درخواست کردی
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) تجزیہ کار چوہدری غلام حسین اور صابر شاکر نے دعویٰ کیا ہے کہ جعلی بینک اکاﺅنٹ کیس میں 100 ارب روپے کی مجموعی پلی بارگین ہوگی، اس کیس میں ایک پارٹی کی 15 ارب کی پلی بارگین کی درخواست پر عدالت نے آرڈرز بھی جاری کردیے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے چوہدری غلام حسین نے کہا کہ بالآخر ملک نامی ایک فریق نے پلی بارگین کی درخواست دی ہے جس کو عدالت نے منظور کرلیا ہے۔ اس پلی بارگین کی رقم کا ایک حصہ 15 ارب روپے ہے جس کی درخواست عدالت میں دی گئی اور اس پر آرڈر جاری کردیا گیا ہے۔
تجزیہ کار صابر شاکر نے دعویٰ کیا کہ سابق صدر آصف علی زرداری کے جعلی بینک اکاﺅنٹس کیس میں معاملات چل رہے ہیں اور وہ پلی بارگین کریں گے۔ اس کیس میں مجموعی طور پر100 ارب روپے کی ریکوری کی اطلاعات ہیں، اسی کیس میں پہلے بھی 14 سے 15 ارب روپے آچکے ہیں، پلی بارگین کا عمل مکمل ہونے کے بعد آصف علی زرداری آہستہ آہستہ باہر آجائیں گے۔