کورونا حملوں میں تیزی، مزید 36جاں بحق، 2738نئے کیس، پنجاب، شادی ہالوں میں تقریبات پر پابندی، کراچی کے 4اضلاع میں سمارٹ، دو میں مائیکرو سمارٹ لاک ڈاؤن
لاہور، کراچی اسلام آباد(جنرل رپورٹر،سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) ملک میں کورونا وائرس کے پھیلا ؤ میں مزید تیزی آنے لگی، گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا سے مزید 36 افراد جاں بحق ہوگئے۔جمعہ کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی)کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کے دو ہزار 738 نئے کیسز سامنے آئے۔پاکستان میں اب تک کورونا سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد تین لاکھ 68 ہزار 665 ہوگئی ہے۔ اس وبا سے اب تک ملک میں سات ہزار 561 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔این سی او سی کے مطابق اس وقت ملک میں ایکٹیو کیسز کی تعداد 33 ہزار 562 ہے۔ ملک میں کورونا سے صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد تین لاکھ 27 ہزار 542 ہے۔ کورونا سے سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ سندھ ہے جہاں اب تک ایک لاکھ 59 ہزار 752 افراد اس بیماری سے متاثر ہوئے ہیں۔ سندھ میں کورونا سے اب تک دو ہزار 780 مریض جاں بحق ہو چکے ہیں۔پنجاب میں کورونا کے مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 12 ہزار 893 ہے جب کہ اس وبا سے اب تک دو ہزار 811 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔خیبر پختونخوا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 43 ہزار 359 اور ایک ہزار 319 اموات ہوئی ہے۔اسلام آباد میں اب تک 25 ہزار 719 افراد اس وبا سے متاثر ہوئے ہیں جب کہ ہلاکتوں کی تعداد 266 ہے۔بلوچستان میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 16 ہزار 642 جب کہ اموات 158 ہیں۔پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں کورونا سے متاثر ہونے والوں کی تعداد پانچ ہزار 806 اور اموات 134 ہے جب کہ گلگت بلتستان میں مریض چار ہزار 494 اور اموات 93 ہیں۔پنجاب میں کورونا وائرس کے 609 نئے کیسز سامنے آگئے ہیں جس کے بعد تعداد112,893 ہو گئی۔ ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئرکے مطابق لاہور264، راولپنڈی94، قصور3، منڈی بہاؤالدین1، لیہ5،چنیوٹ 2اورملتان میں 51کیسزرپورٹ ہوئے۔تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ4، سرگودھا16، جہلم 8، راجن پور3، نارووال 1، چکوال 2،جھنگ 3خانیوال 5 اور فیصل آباد میں 15کیسز رپورٹ ہوئے۔ خوشاب 24،بہاولپور5، بہاولنگر7، رحیم یارخان 4،ٹوبہ 8،گوجرانوالہ24 اورڈیرہ غازی خان میں 2 کیسز سامنے آئے۔ بھکر7،گجرات 9،ننکانہ 2، اوکاڑہ 17،وہاڑی7، مظفرگڑھ 5،میانوالی 7،اور ساہیوال میں 4کیسز رپورٹ ہوئے۔دوسری طرف شہر لاہور میں کورونا وائرس سے مزید 15ہلاکتوں کے بعد جاں بحق ہونے والوں کی تعداد2,811 ہو گئئ۔ گزشتہ روز کی 15 ہلاکتوں کے ساتھ پرائیوٹ ہسپتالوں کا ڈیٹا آڈٹ کر کے 292 ہلاکتوں کا اندارج بھی کر دیا گیا۔پنجاب حکومت نے شادی ہالز کے اندر تقریبات پر پابندی عائد کر دی۔ شادی بیاہ اور دیگر تقریبات کی اجازت صرف کھلی جگہوں پر ہوگی۔ تقریبات میں زیادہ سے زیادہ 300 افراد کے اکٹھ کی اجازت ہوگی۔اس حوالے سے سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نے کیبنٹ کمیٹی برائے انسداد کورونا وائرس کی اجازت سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ کیپٹن (ر) محمد عثمان نے کہا عوامی اجتماعات میں 300 سے زائد افراد کے اکٹھ کی اجازت نہیں ہوگی، کھلی جگہ پر تقریبات میں ایس او پیز پر عمل درآمد کرنا لازم ہو گا، تقریبات کے علاوہ عوامی مقامات پر چہرہ ڈھانپنا بھی لازم ہوگا۔کیپٹن (ر) محمد عثمان کا کہنا تھا پابندی کا اطلاق آج سے ہو گا، جو 31 جنوری تک لاگو رہے گا، عوام الناس سے گزارش ہے کہ حکومت پنجاب کا ساتھ دیں، کورونا وائرس کی پہلی لہر کی طرح دوسری لہر پر حکومت اور عوام مل پر قابو پائیں گے۔کورونا کی دوسری لہر کے باعث بلوچستان میں نومبر کے آخر میں شیڈول پہلی تا مڈل کے سالانہ امتحانات ملتوی کر دیئے گئے۔ امتحانات اب اگلے سال 10 مارچ کو ہوں گے۔ سیکرٹری تعلیم نے کہا ہے کہ سالانہ امتحانات کے فوری بعد نئے تعلیمی سال کا آغاز کر دیا جائے گا۔دوسری طرف کراچی کے 4 اضلاع میں اسمارٹ لاک ڈاؤن اور 2 میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن کا فیصلہ کرلیا گیا۔ایڈمنسٹریٹر و کمشنر کراچی افتخار شلوانی کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنرز اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز (ڈی ایچ اوز)کا اجلاس ہوا جبکہ اجلاس میں سیکرٹری ہیلتھ کاظم جتوئی نے بھی شرکت کی۔اجلاس میں شہر میں کورونا کی صورتحال اور ضابطہ کار پر عملدرآمد کے حوالے سے غور کیا گیا۔اجلاس میں شہر کے تمام اضلاع میں اسمارٹ اور مائیکرو لاک ڈان کا فیصلہ کیا گیا، 4 اضلاع میں اسمارٹ لاک ڈان جبکہ دو اضلاع میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ ہوگا۔کمشنر کراچی کے مطابق ضلع جنوبی، شرقی، وسطی اور غربی کے ڈپٹی کمشنرز اسمارٹ لاک ڈان کا نوٹیفکیشن کل تک جاری کر دیں گے جبکہ ضلع کورنگی اور ملیر میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈان نافذ ہوگا۔کمشنر کراچی کا کہنا ہے کہ تمام ڈپٹی کمشنرز متعلقہ ہیلتھ افسران سے مشاورت کرکے آج یا کل تک نوٹیفکیشن جاری کر دیں گے۔مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن میں محکمہ صحت کی سفارش پر مخصوص گلیاں، علاقے یا محلے سیل ہوں گے۔
کورونا ہلاکتیں