تحریک لبیک کے سربراہ علامہ خادم حسین رضوی کی نماز جنازہ آج، آخری دیدار کیلئے ملک بھر سے کارکنوں عقید تمندوں کی لاہور آمد کا سلسلہ جاری 

          تحریک لبیک کے سربراہ علامہ خادم حسین رضوی کی نماز جنازہ آج، آخری ...

  

 لاہور(کر ائم رپو رٹر، این این آئی)تحریک لبیک کے سربراہ علامہ خادم حسین رضوی کی نمازجنازہ آج بروز ہفتہ صبح گیارہ بجے مینارپاکستان گراؤنڈ میں ادا کی جائیگی، مرحوم کے آ خر ی دیدار کیلئے ملک بھر سے کارکنوں اور عقیدتمندوں کی آمد کا سلسلہ جاری رہا، اس موقع پر کارکنان ایک دوسرے سے گلے لگ کر اور دھاڑیں مار مار کر روتے رہے، پو لیس کی طرف سے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق سربراہ تحریک لبیک علامہ خادم حسین رضوی کے انتقال کی خبر سنتے ہی کارکنان اور عقیدتمند وں نے ملک بھر سے لاہور کا سفر شروع کر دیا جس کی وجہ سے ان کی رہائشگاہ پر انتہائی رش دیکھنے میں آیا۔ علامہ خادم حسین رضوی کی میت مسجدرحمت اللعالمین میں رکھی گئی جہاں ہزاروں لوگوں نے آخری دیدار کیا،اس موقع پر انتہائی رقت آمیز مناظر بھی دیکھنے میں آئے۔ کارکن شدت غم سے نڈھال نظر آئے اور دھاڑیں مار مار کر روتے رہے۔ پولیس کیساتھ جماعت کے رضا کار سکیورٹی سمیت دیگر فرائض سر انجام دیتے رہے۔ گزشتہ روز اہل سنت کی مساجد میں نماز جمعہ کے اجتماعات میں علامہ خادم حسین رضوی کی ناموس رسالت کیلئے جدوجہد کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا گیا اور فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔ تبایا گیا ہے کہ مرحوم کی میت آج سبزہ زار گراؤنڈ سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے مینار پاکستان لائی جائیگی، پولیس نے نماز جنازہ کے موقع پر سکیورٹی پلان تشکیل دیدیا ہے۔ گریٹر اقبال پارک کے پانچوں گیٹ پر بھاری نفری تعینات کی جائیگی، امن و امان کی صورتحال کو قابو میں رکھنے کیلئے 50 ریزرویں تعینات کی جائیں گی۔ نماز جنازہ کے موقع پر ایلیٹ فورس کے کمانڈوز کے علاوہ اینٹی رائٹ فورس اور سٹی ٹریفک پولیس کے اہلکار بھی تعینات ہوں گے۔۔مرحوم کے بیٹے و ڈپٹی سیکرٹری جنرل حافظ سعد حسین رضوی کے مطابق نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد میت کو تدفین کیلئے واپس لایا جائے گا اور مسجدرحمت اللعالمین سے ملحقہ مدرسہ ابوذرغفاری میں سپرد خاک کیا جائیگا۔

خادم رضوی جنازہ

مزید :

صفحہ اول -