ایک سیاسی کنیز کو شہباز شریف کی صحت بارے کافی پریشانی لاحق ہے: فردوس عاشق

    ایک سیاسی کنیز کو شہباز شریف کی صحت بارے کافی پریشانی لاحق ہے: فردوس عاشق

  

لاہور(این این آئی)معاون خصوصی اطلاعات پنجاب فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے تعمیراتی صنعت کیلئے اقدامات سے اس صنعت سے وابسطہ دیگر صنعتوں کو فروغ حاصل ہو رہا ہے، راوی ریور فرنٹ اربن پراجیکٹ مستقبل کے نئے منصوبہ سازوں کیلئے کئی دہائیوں تک ایک مثال ہوگا، حکومت نے پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے منصوبے کے خواب کو عملی تعبیر میں ڈھالنے کا بیڑہ اٹھایا ہے۔ لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے وائس چیئرمین شیخ محمد عمران کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فردوس عاشق نے کہا کہ سابق حکومتیں ماضی میں نمائشی منصوبوں پر توجہ دیتی رہی ہیں۔ 2800ارب کی محفوظ سرمایہ کاری اور 12 لاکھ لوگوں کیلئے با عزت روزگار کے مواقع کے علاوہ اس منصوبہ سے18 لاکھ رہائشی یونٹ نہ صرف پنجاب بلکہ پاکستان کی معیشت میں استحکام لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج کل سیاسی کنیز کو شہباز شریف کی صحت کے حوالے سے کافی پریشانی لاحق ہے۔ انہوں نے سیاسی شخصیات کی غلامی کا طوق  پہن رکھا ہے اور شاہی فرمان پڑھ کر سناتی رہتی ہیں۔ وزیراعظم اور وزیر اعلیٰ کے پاس اتنا وقت نہیں ہے کہ یہ دیکھیں کہ مخالفین انکے خلاف کیا منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ تحریک انصاف ایک خاندان یا سیاسی حواریوں کو مد نظر رکھ کر پالیسی نہیں بناتی بلکہ ہماری منصوبہ بندی کا محور عوام ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اپنے جلسوں میں کرونا ایس او پیز کا خیال رکھے کیونکہ بیمار اپوزیشن جمہوریت کیلئے فائدہ مند نہیں ہے۔

فردوس عاشق

مزید :

صفحہ اول -