ملک دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے میں پاک فضائیہ کا کردار قابل ستائش: اسد قیصر
اسلام آباد (آن لائن) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے میں پاک فضائیہ کاکردار قابل ستائش ہے انہوں نے کہا کہ ملکی سلامتی اور دفاع کے لیے پوری قوم اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ اپنی اعلیٰ پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی بدولت دنیا میں منفرد مقام رکھتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈپٹی ایئر چیف عامر مسعود سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ملاقات میں سابق چیف آف ائیر سٹاف سہیل امان اور فلاحی تنظیموں سے تعلق رکھنے والی دیگر شخصیات بھی موجود تھیں اسپیکرقومی اسمبلی نے سماجی شعبہ میں پاک فضائیہ کی خدمات کی تعریف کرتے ہوئے عالم آباد صوابی میں قائم کیا جانے والے پاکستان ویلفیئر ٹاؤن میں پاک فضائیہ اور راشد میموریل ٹرسٹ کے تعاون کو قابل ستائش قرار دیا انہوں نے کہا کہ اس پاکستان ویلفیئر ٹاؤن کے قیام سے نہ صرف صوابی بلکہ صوبہ خیبر پختونخواہ کے بے سہارااور یتیم بچوں، بیواؤں اور دیگر نادار اور غریب خاندانوں کو رہائش کے ساتھ ساتھ تعلیم، صحت اور دیگر بنیادی سہولیات میسر ہوں گی ڈپٹی چیف آف آئیر سٹاف عامر مسعود نے اسپیکر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ ملکی دفاع کے لیے پرعزم ہے اور ملک کے دفاع اور امن کے قیام کے لیے کسی بھی قربانی سے دریع نہیں کرے گی۔ انہوں نے سماجی شعبہ میں اسپیکر کی خدمات کو سراہا۔
اسد قیصر