ڈبلیو ٹی اور تجارتی سہولتی معاہدہ پر عملدرآمد میں پاکستان کی نمایاں ترقی

  ڈبلیو ٹی اور تجارتی سہولتی معاہدہ پر عملدرآمد میں پاکستان کی نمایاں ترقی

  

 اسلام آ باد (آ ئی این پی) عالمی تجارتی تنظیم(ڈبلیو ٹی او) کے تجارتی سہولتی معاہدہ کی عملدرآمد فہرست میں پاکستان نے نمایاں ترقی حاصل کی ہے۔ معاہدہ پر عملدرآمد جون2018 میں 34 فیصد سے بڑھ کر نومبر 2020 تک 79 فیصد ہو گیا،عملدرآمد کی بہتری کے نتیجہ میں پا کستا ن نے سرحد پار تجارتی فہرست میں 31 پوزیشن کا اضافہ حاصل کیا جس کی بدولت پاکستان عالمی فنڈ کی سالانہ تجارتی آسانی رپورٹ 2020ء میں 136 سے 108ویں پوزیشن پر آگیا۔ جمعہ کوفیڈرل بور ڈ آف ریونیو کی جاری کردہ رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ پا کستا ن کی عالمی تجارتی تنظیم کے تجارتی سہولتی معاہدہ پر عملدرآمد کی رفتار خطے کے دیگر ممالک جیسے بھارت اور بنگلہ دیش سے زیادہ ہے جن کی عملدرآمد شرح باالترتیب 78.2 اور 36.1 فیصد ہے۔ پاکستان کی عملدرآمد شرح عالمی تجارتی تنظیم کے رکن ممالک کی اوسط شرح 65.5 فیصد اور ترقی پذیر ممالک کی اوسط شرح 65.2 فیصد سے زائد ہے۔تجارتی سہولتی اقدامات معاشی سرگرمی کو بڑھانے، غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینے، برآمدات میں اضافہ اور روزگارکے مواقع فراہم کرنے کا باعث بنتے ہیں۔ وزیراعظم کے جامع تجارتی سہولتی اقدامات کو فروغ دینے کے وژن کے مطابق پاکستان کسٹمز،ایف بی آر نے ایک منظم منصوبہ مرتب دیا،پراجیکٹ ٹیمیں متعین کیں تا کہ عالمی تجارتی تنظیم کے تجارتی سہولتی معاہدہ  پرعمل درآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔ متعین کردہ ٹیموں نے جانفشانی سے کام کرتے ہوئے معاہدہ پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جس کے باعث ملکی، علاقائی اور عالمی تجارت کو فروغ ملا۔تجارتی سہولتی معاہدہ کے نمایاں نکات میں آتھو رایزڈ اکنامک آپریٹر پروگرام، ایڈوانس رولنگ، الیکٹرانک طریقے سے ادائیگی، اشیا ء کی درآمد سے قبل پراسیسنگ، ٹرانزٹ میں آزادی، رسک مینجمنٹ اور پوسٹ کلیئرنس آڈٹ شامل ہیں، عالمی تجارتی تنظیم کے مطابق سب سے مشکل عملدرآمد نکتہ سنگل ونڈو اور بارڈر ایجنسی تعاون ہے، اس کے باوجود پاکستان کسٹمز نے عالمی اور ایشیائی ترقیاتی بینکوں کے تعاون سے سنگل ونڈو اور بارڈر ایجنسی تعاون میں قابل نمایاں کامیابی حاصل کی ہے۔ عالمی بینک کے مطابق پاکستان ان پہلے دس ممالک کی فہرست میں شامل ہو گیا ہے جہاں گزشتہ سال تجارتی آسانی پر خاطر خواہ کام ہواہے۔ او ای سی ڈی کے تجارتی سہولتی انڈیکیٹر ڈیٹا2019 نے تجارتی سہولتی معاہدہ پر عملدرآمد پربھی پاکستان کی تعریف کی ہے۔ پاکستان کسٹمز کو کامیاب ممالک کے کسٹمز اداروں کی فہرست میں شامل کیاگیا ہے۔

ڈبلیو ٹی او

مزید :

صفحہ آخر -