ایم این اے کی انٹری، تاجروں کا دھرنا ختم کرنیکا اعلان

  ایم این اے کی انٹری، تاجروں کا دھرنا ختم کرنیکا اعلان

  

وہاڑی (بیورو رپورٹ،نامہ نگار) ڈپٹی کمشنر وقاص رشید کی طرف سے بلدیہ کی ایک سو سے زائد دوکانوں کی کرایہ پر نیلامی کے عمل کے خلاف انجمن تاجران کی اپیل پر متاثرہ دکانداروں اور تاجر برادری نے  ہڑتال کی اور تحصیل کونسل کے احاطہ میں ضلعی صدر ارشاد حسین بھٹی, جنرل سیکرٹری راو خلیل احمد،جمیل بھٹی، شیخ محمد سلیم ارشاد، میاں ساجد آصف، راؤ محمد اسحاق(بقیہ نمبر47صفحہ6پر)

 علامہ افضل ہاشمی،سید عامر دلاور شاہ،احمد چاولہ کی قیادت میں دھرنا دیا اے سی چودھری جعفر گوجر چیف افیسر بلدیہ راؤ محمد نعیم و دیگر افسران پر مشتمل نیلام کمیٹی کی طرف سے کال ڈیپازٹس کے ساتھ تھوڑی تعداد میں بولی دہندگان ہونے اور تاجروں کی طرف سے بھر پور مزاحمت کے خدشہ پر نیلامی کا پراسیس شروع  نہ کیا جاسکا نیلام کمیٹی  ڈپٹی کمشنر وقاص رشید کے احکامات کا انتظار کرتی رہی لیکن متاثرہ دوکانداوں نے دھرنا یہ کہہ کر جاری رکھا کہ انتظامی افسران ان کے منتشر ہونے پر نیلامی کا سلسلہ شروع کرسکتے ہیں پولیس کی بھاری نفری ڈی ایس پی صدر افضل لودھی کی قیادت میں کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے موجود رہی ساڑھے چار بجے کے قریب ایم این اے طاہر اقبال چودھری ساتھیوں چودھری زاہد کریم گوجر آفتاب احمد گوجر حاجی مشتاق گوجر رانا وحید احمد راؤ غلام نبی کے ہمراہ دھرنا میں پہنچ گئے تاجر رہنماؤں نے اپنے خطاب میں کہا کہ انہیں دوکانوں کا نیلام عام کسی صورت قبول نہیں کیونکہ مقابلہ بازی میں کرایہ میں ناقابل برداشت اضافہ ہو جاتا ہے تمام پرانے کرایہ دار مناسب اضافہ میں حائل نہیں ہوں گے تاجروں پر افسران کا نئے سرے سے دوکانوں کی نیلامی کا فیصلہ تھوپنا سراسر ظلم اور انکے کاروبار ٹھپ کروا کر ان کے خاندانوں کو بھوکے مارنے کی سازش ہے حکومت کے سامنے تاجروں کا مقدمہ پیش کرنے کے لیے ایم این اے  کردار ادا کریں پی ٹی آئی کے ایم این اے طاہر اقبال چودھری نے کہا کہ کسی کا روزگار نہیں چھننے دیا جائے گا تاجر برادری عوامی نمائندہ اور افسران کو ایک ساتھ بٹھا کر کوئی قابل عمل لائحہ عمل اختیار کیا جائے گا وہ تاجروں پر ظلم پر مبنی کوئی فیصلہ زبردستی لاگو نہیں کرنے دیں گے وہ یقین دلاتے ہیں کہ کسی کے ساتھ زیادتی نہیں ہونے دی جائے گی جس پر تاجروں نے عارضی طور پر دھرنا ختم کرنے کا اعلان کردیاہے۔دریں اثناء آج بروز ہفتہ دن گیارہ بجے تاجروں کا نمائندہ وفد ایم این اے طاہر اقبال کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر وقاص رشید سے ملاقات کرے گا جس میں میونسپل کمیٹی کی دوکانوں کے معاملے کو افہام و تفہیم سے حل کیا جائے گا

وقاص رشید

مزید :

ملتان صفحہ آخر -