مولانا فضل الرحمان نے بھی حکومت کو کورونا قرار دے دیا

مولانا فضل الرحمان نے بھی حکومت کو کورونا قرار دے دیا
مولانا فضل الرحمان نے بھی حکومت کو کورونا قرار دے دیا

  

پشاور(ڈیلی پاکستان آن لائن )جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ حکومت مخالف اپوزیشن جماعت پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا تنظیمی ڈھانچہ مکمل ہوچکا ہے،پشاور کا تاریخی جلسہ ہوگا،حکومت کو اور کوئی بہانہ نہیں ملا تو کورونا کا بہانہ بنادیا۔انہوں نے کہا کہ ناجائز حکمران بذات خود بڑا کورونا ہیں جبکہ ہم کورونا 19 کے ساتھ کورونا 18 کی بھی بات کرتے ہیں۔

پشاور میں پریس کانفرنس کے دوران ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کے جھنڈے کے نیچے ملک میں ناجائز اور ناخلف حکومت کے خلاف حکومت مخالف تحریک جو بن پر ہے اور جو امانت قوم سے چھینی گئی وہ واپس لینی ہے۔مولانافضل الرحمان نے اسٹیٹ بینک کے حالیہ بیان کا حوالہ دیا کہ مرکزی بینک نے بتایا کہ 1992 کے بعد سے پہلی مرتبہ پاکستان کا شرح نمو 0.4 پر پہنچ گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ 26 نومبر کو لاڑکانہ اور 30 نومبر کو ملتان میں جلسہ کریں گے۔جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ نے کہا کہ معاشی بحران بھی ریاست کے خاتمے کا سبب بنتا ہے۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ وہ ادارے جو ملک کے دفاع کے ضامن ہیں اور اس ناجائز اور نااہل حکومت کی پشت پناہی کرتے ہیں، وہ ریاست کی بقا کا حق ادا نہیں کررہے۔انہوں نے کہا کہ اس تناظر میں ہم کہہ سکتے ہیں کہ آپ ریاست کی بقا کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ عوام، فوج، سول بیوروکریسی، اسٹیبلشمنٹ کو ایک پیج پر لڑنا چاہیے کہ یہ تقسیم عجیب ہے کہ ملک معاشی بحران کا شکار ہے اور ہم اس نااہل حکومت کو سپورٹ کرنے جارہے ہیں، اس سے بڑی نااہلی کی مثال اور کیا ہوسکتی ہے۔

مزید :

قومی -