پہلا آل سندھ بلوچستان کرکٹ ٹورنامنٹ 26 نومبر سے شروع ہوگا
کوئٹہ (اے پی پی):بلوچستان اور سندھ کی 32 بہترین ٹیموں کے درمیان پہلا آل سندھ بلوچستان ڈائمنڈ جوبلی کرکٹ ٹورنامنٹ 26 نومبر سے شروع ہوگا۔ اس بات کا اعلان سیکرٹری برائے کھیل و امور نوجوانان بلوچستان محمد اسحاق جمالی کی زیر صدارت ایک اہم محکمہ اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل کھیل درا بلوچ سمیت ڈیپارٹمنٹ کے آفیسران نے شرکت کی اجلاس کے بعد جاری کردہ بیان میں تفصیلات سے آگاہ کیا گیا کہ سندھ بلوچستان کی 32 مختلف ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پہلی چودہ ٹیمیں جن کے مقابلے سبی میں ہوں گے کی تفصیلات درج ذیل ہیں۔بلوچستان کرکٹ اکیڈمی کوئٹہ، مارکر کلب کوئٹہ، ڈسٹرکٹ پشین، چمن،سبی،نصیر آباد، جعفر آباد،لورالائی،جیکب آباد،سکھر،لاڑکانہ،شکارپور، بولان اور شابو کرکٹ کلب کوئٹہ شامل ہیں۔ جبکہ دوسرے گروپ میں خضدار کھیلنے والی ٹیموں کے نام میزبان خضدار سمیت نوشکی،پنجگور،دادو،خاران، واحدت گرین، ٹائٹنز کرکٹ کلب کوئٹہ شامل ہیں۔ جب کہ اسی گروپ میں حب چوکی کے مقام پر ہونے والے میچز کی ٹیموں کے نام گوادر،تربت،لسبیلہ،کراچی،میر پور خاص،حیدرآباد، کراچی ٹو،کراچی 3،کراچی فور،کراچی فائیو اور کراچی 6 ہونگی۔