نجی چینلز کے آنے سے ٹیلنٹ منظر عام پر آرہا ہے، نعمان نومی
لاہور (فلم رپورٹر)اداکارنعمان نومی نے کہا ہے کہ ماضی کی نسبت آج کے اداکاروں کیلئے ٹی وی پرکام کرنے کے بے پنا ہ مواقع موجود ہیں، کسی زمانے میں صرف پی ٹی وی ہوا کرتا تھا اور اداکاری کے شوقین اداکار اس کے چکر کاٹتے ہوئے نظر آتے تھے تاہم نجی ٹی وی چینلز کے آنے سے فنکاروں کو بے پناہ مواقع میسر آئے ہیں۔نعمان نومی نے کہا کہ پی ٹی وی کی ڈرامہ پروڈکشن کے حوالے سے ماضی کی جو روایت رہی ہے وہ آج کل نظر نہیں آتی، ہم بھی پی ٹی وی کے ڈرامے دیکھ کر بڑے ہوئے ہیں او رایک دور ایسا بھی تھا جب پی ٹی وی کا ڈرامہ لگتا تھا تو بازار اور شاہراہیں سنسان ہو جایا کرتے تھے۔بہت سے فنکاروں نے پی ٹی وی سے اپنے کیرئیر کا آغاز کیا جو شہرت کی بلندیوں تک پہنچے اور ان کا شمار لیجنڈ اداکاروں میں ہوتا ہے