کاسمو پولیٹن کلب میں ہندوؤں سے اظہاریکجہتی کیلئے تقریب
لاہور (سٹی) ہندو برادری سے اظہارِ یکجہتی کے لیے لاہور کے کاسمو پولیٹن کلب، جناح باغ میں فلاحی تنظیم سماج سیوہ فاؤنڈیشن، پیس اینڈ جسٹس نیٹورک اور اللہ والے ٹرسٹ کے باہمی اشتراک سے دیوالی ملن اور گرو نانک دیو کے 553 ویں جنم دن کی مناسبت سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ محکمہ اقلیتی امور و انسانی حقوق کے عہدیداران،مختلف مذاہبِ سے منسلک مذہبی شخصیات اور فلاحی تنظیموں کے نمائندگان کے علاوہ نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔سماج سیوا فاؤنڈیشن کی جوائنٹ سیکریٹری انیقہ کرن نے، ڈپٹی ڈائریکٹر انسانی حقوق محمد یوسف نے کہا کہ تمام مذاہبِ سے منسلک نوجوانوں کا ایسی تقریب میں شامل ہونا بلا شبہ انٹر فیتھ کے کلچر کو فروغ دیتا ہے۔
جبکہ محکمہ انسانی حقوق کے پلیٹ فارم سے ہر مذہب کے پیروکاروں کو اپنے اپنے مذہبی دن منانے میں بھرپور معاونت فراہم کی جارہی ہے۔ انکا مزید کہنا تھا کہ اس طرح کی تقریبات سے امن و رواداری کے فروغ اور ایک پر امن معاشرے کی تشکیل یقینی ہو گی۔ فلاحی تنظیم سینٹر فار سوشل جسٹس کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر پیٹر جیکب نے نوجوانوں کی بھرپور شمولیت کو سراہتے ہوئے ملک کے بہترین مستقبل کے لیے نوجوانوں کی اہمیت پر زور دیا۔ پنجاب سول سیکریٹریٹ و لیکچرر سناتن دھرم منہاج القرآن انٹرنیشنل یونیورسٹی صابر ناز سروا بھوما نے خصوصی پراتنا کروائی اور دیوالی کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ دیوالی کا مقصد براء پر اچھائی کا غلبہ ہے۔ محکمہ اوقاف کے ممبر بورڈ آف ڈائریکٹرز و ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز منہاج القرآن انٹرنیشنل سہیل احمد رضا نے مذہبی ہم آہنگی پر زور دیتے ہوئے کہا کے ہمیں مل جل کر شدت پسندانہ سوچ کا ڈٹ کر مقابلہ کرنا ہے اور امن پسند معاشرے کے قیام میں اپنا کردار ادا کرنا ہے۔ تقریب کے اختتام پرسماج سیوا فاؤنڈیشن کیچیئرمین، لالہ چمن لعل نے مستقبل میں بھی ایسی تقریبات کے انعقاد کا سلسلہ جاری رکھنے کا عزم کیا تاکہ سماج سیوا کے پلیٹ پلیٹ فارم سے پسماندہ کمیونٹی کے لوگوں کو قومی مرکزی دھارے میں شامل کرنے کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھی جا سکیں۔تقریب میں دئیے جلانے کے ساتھ بابا گرو نانک دیو جی کے جنم دن کا کیک بھی کاٹا گیا۔ #/s#