کاروبار کرنے کیلئے جامع اور پرکشش پالیسیاں بنائی جائیں،رمیض شاہد
لاہور(سٹی رپورٹر) سینئر تاجر رہنما کیمرہ مارکیٹ رمیض شاہد نے کہا ہے کہ ملک میں معاشی توازن اور پیداواری صلاحیت میں بہتری ملکی معیشت کو عالمی تسلط سے نکال سکتی ہے۔ مقامی صنعتوں کاروبار بازاروں مارکیٹوں میں کاروباری زندگی کی سرگرمیوں میں تیزی ملک میں معاشی انقلاب برپا کرسکتی ہے۔ قوم اور مملکت کو معاشی خود کفیل بنانے کیلئے ملک میں موجود قدرت کے بہترین وسائل کی منصفانہ تقسیم کا آغاز کیا جائے ۔ دکانداروں مزدوروں کسانوں طالب علموں نوجوان بے روزگار تعلیم یافتہ افراد کو سستے اور آسان شرائط پر قرضے دیئے جائیں۔ کاروبار کرنے کیلئے جامع اور پرکشش پالیسیاں بنائی جائیں۔ دماغی اور افرادی قوت کے بہترین ذرائع ہماری مشکلات کا حل ثابت ہوسکتے ہیں۔ قوم میں یقین اور خود اعتمادی پیدا کرکے پرائیویٹ بزنس سیکٹر کو ملکی زرمبادلہ کا سب سے اہم ذریعہ بنایا جائے۔ حکومت اور فلاحی ریاستی ادارے صنعتی گروپس ملک میں سمال ٹریڈنگ سیکٹر میں ویلفیئر اسکیمز لے کر آئیں۔ ملکی معاشی بحران سے نکلنے کا محفوظ راستہ انفرادی اوسط آمدن میں اضافہ ہے جس کیلئے بزنس سیکٹر اہم سنگ میل کا کردار ادا کرسکتا ہے۔