نرسنگ نصاب میں ذیابیطس کا مضمون شامل کیا جائے،الفرید ظفر

نرسنگ نصاب میں ذیابیطس کا مضمون شامل کیا جائے،الفرید ظفر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (سٹی رپورٹر)  ذیابیطس کے مرض پر قابو پانے اور شعبہ صحت سے وابستہ افراد کو اس بیماری کے بارے میں بھرپور آگاہی فراہم کرنے کیلئے نرسنگ کے نصاب میں ذیابیطس کا مضمون و ڈپلومہ کورس کا اجراء وقت کی اہم ضرورت ہے جو مریضوں کے علاج معالجے کو مزید آسان و موثر بنائے گا اورنرسز اپنی پیشہ وارانہ زندگی میں ایسے مریضوں کی زیادہ احسن انداز میں نگہداشت کر سکیں گی ان خیالات کا اظہار پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفرنے لاہور جنرل ہسپتال میڈیکل یونٹ3کے زیر اہتمام "ذیابیطس سے دور زندگی بھرپور" کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر پروفیسر آف میڈیسن ڈاکٹر طاہر صدیق، ایم ایس ڈاکٹر خالد بن اسلم،ڈاکٹر کاشف عزیز، ڈاکٹر محمد مقصود، ڈاکٹر عمر اعجاز،ڈاکٹر عبدالعزیز، ڈاکٹرسونیا ایوب اور ڈاکٹر مریم خالد نے بھی بیماری کے متعلق بھی تفصیلی روشنی ڈالی۔سیمینار میں نرسنگ سپرنٹنڈنٹ مسز میمونہ ستار، ڈاکٹر جعفر شاہ، ڈاکٹر سلمان شکیل، ینگ ڈاکٹرز، میڈیکل سٹوڈنٹس و نرسز کی کثیر تعداد موجود تھی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ بیماریوں سے محفوظ رہنے کے لئے گھریلو کچن آباد کرنا ہوں گے لہذا شہری گھریلو کھانوں کو ترجیح دیں جبکہ شوگر کے مریض کولیسٹرول پر بھی خصوصی نگاہ رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ کولیسٹرول کی زیادتی نابینا پن،امراض قلب،فالج، اور آنکھوں کے مسائل کا باعث بھی بنتی ہیں۔

 اور ذیابیطس کا مریض اگر احتیاطی تدابیر پر عمل کرے تو وہ مالی بوجھ سے بھی بچ سکتا ہے۔ پروفیسر طاہر صدیق کا کہنا تھا کہ ذیابیطس کے مرض کی بنیادی وجوہات میں موٹاپا،غیر صحت مندانہ طرز زندگی،خاندان میں شوگر کا مرض عام ہونا، خون میں چکنائی کا عدم توازن،بڑھتی عمر اور بلڈ پریشر شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس موذی مرض سے بچنے کے لئے چکنائی اور نشاستہ دار غذائیں کم کریں، سبزیوں کا استعمال بڑھائیں،ذہنی دباؤ(ڈپریشن) کم اور جسمانی ورزش کو معمول بنائیں اورکولڈرنکس کی بجائے پانی کو اپنا شربت بنائیں۔ ایم ایس ڈاکٹر خالد بن اسلم کا کہنا تھا کہ لاہور جنرل ہسپتال میں سٹیٹ آف دی آرٹ شوگر کلینک قائم ہے جہاں پیر تا ہفتہ روزانہ سینئر ڈاکٹر مریضوں کے طبی معائنے و تشخیص کیلئے ہمہ وقت موجود ہوتے ہیں۔نرسنگ سپرنٹنڈنٹ مسز میمونہ ستار کا کہنا تھا کہ پرہیز علاج سے بہتر ہے کا نعرہ مقبول بنانا ہوگا۔ پرنسپل پی جی ایم آئی نے حکومت پنجاب سے اپیل کی کہ ذیابیطس کا مضمون شامل ہونے سے نرسیں ابتداء سے ہی اس بیماری کی علامات، تشخیص، پیچیدگیوں سے روشناس ہو سکیں گی کیونکہ موجودہ دور سپیشلائزیشن کا ہے اور میڈیکل کے دیگر شعبوں کی طرح ذیابیطس سپیشلسٹ نرسز کی تعیناتی سے مریضوں کے علاج معالجے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ ہم ایسے دور میں زندگی بسر کر رہے ہیں جہاں غیر متعدی امراض سے فوت ہونے والوں کی تعدادمتعدی افراد سے فوت ہونے والوں کی تعداد سے زیادہ ہے جو لمحہ فکریہ ہے۔یاد رہے غیر متعددی امراض میں شوگر سر فہرست ہے۔پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ پاکستان دنیا کے اُن ممالک میں شامل ہے جہاں بقیہ دنیا کے مقابلے میں ذیابیطس کی شرح میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور اس کی وجہ ذہنی تناؤاور کھانے پینے میں بے احتیاطی شامل ہیں۔   #/s#