ویمن ڈویلپمنٹ سنٹر خواتین کو بے شمار فائدے دیگا،جسٹس عائشہ اے ملک
لاہور (سٹی رپورٹر) سپریم کورٹ کی جج جسٹس عائشہ اے ملک نے ہوم اکنامکس یونیورسٹی لاہور میں ویمن ڈویلپمنٹ سنٹر کا افتتاح کر دیا۔ یونیورسٹی آڈیٹوریم میں افتتاحی تقریب میں وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر کنول امین، سیکرٹری ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ سمیرا صمد، وائس چانسلر بابا گورونانک یونیورسٹی ڈاکٹر محمدافضل، انچارج ویمن ڈویلپمنٹ سنٹر ڈاکٹر ارم رباب، وائس چانسلر ڈاکٹر زکریا ذاکر، ڈاکٹر روبینہ ذاکر سمیت یونیورسٹیوں کے افسران اور طالبات نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس عائشہ اے ملک نے کہا کہ امید ہے یہ سنٹر خواتین کی تعلیم اور ملازمت کی فراہمی کیلئے کاؤنسلنگ کرنے میں کردار ادا کرے گا۔ خواتین سے متعلق معاشرے میں بیانیہ تبدیل کرنا ناگزیر ہے، عدالتوں کے ایسے فیصلے موجود ہیں جو خواتین کو تحفظ فراہم کرتے ہیں۔ تعلیم یافتہ خواتین کو پسماندگی کا شکار خواتین کی آواز بننا ہوگا۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کنول امین نے بتایا کہ ویمن ڈویلپمنٹ سنٹر کے قیام کی منظوری سنڈیکیٹ سے حاصل کی گئی ہے۔