یتیم خانہ چوک کے قریب18سالہ نوجوان ڈور پھرنے سے جان کی بازی ہارگیا
لاہور(کرائم رپورٹر)نواکوٹ کے علاقے میں قاتل ڈور گلے پر پھرنے سے موٹرسائیکل سوار نوجوان جاں بحق ہوگیا، نوجوان آدھے گھنٹے تک سڑک پر تڑپتا رہا، کوئی مدد کو نہ آیا، نوجوان کی لاش گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا تفصیلات کے مطابق گلے پر ڈور پھرنے کا افسوسناک واقعہ نواکوٹ کے علاقے یتیم خانہ چوک میں ہوا، جہاں انتہائی خطرناک کیمیکلز سے بنی پتنگ کی ڈور نے 18 سال کے نوجوان کو موت کی وادی میں پہنچا دیا ہنجروال کا رہائشی 18سال کا شہزاد شبیر موٹرسائیکل پر ناشتہ لینے کے لیے جارہا تھا کہ اچانک پتنگ کی ڈور گلہ چیر کر نکل گئی، نوجوان آدھے گھنٹے تک سڑک پر تڑپتا رہا، اور جب تک امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچیں، نوجوان دم توڑ چکا تھا جاں بحق نوجوان کے والد شبیر احمد کا کہنا ہے کہ خطرناک کیمیکلز سے تیار ڈور نے انکا گھر اجاڑ دیا، اعلیٰ حکام نوٹس لے کر انصاف فراہم کریں۔مرحوم کے ورثا کا کہنا ہے یہ خونی کھیل اب بند ہونا چاہیے ورنہ مزید گھر اجڑتے چلے جائیں گے۔ دوسری جانب قائم مقام انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کنور شاہ رخ نے لاہور کے علاقے نواں کوٹ میں ڈور پھرنے سے شہری کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ۔ قائم مقام آئی جی کنور شاہ رخ نے جاں بحق شہری کے لواحقین سے اظہار تعزیت کی۔ انہوں نے ڈی آئی آپریشنز لاہور کو واقعہ کی انکوائری کرنے کا حکم بھی دیا قائم مقام آئی جی پنجاب نے آر پی او، ڈی پی اوز کو ہدایت کی کہ لاہور سمیت صوبے کے تمام اضلاع میں پتنگ بازی کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات یقینی بنائے جائیں۔
ڈور پھرنے