”گوادر کو حقق دو“تحریک مسائل کے حل تک ختم نہیں ہوگی:سراج الحق
لاہور (آن لائن) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی کی آنکھوں پر حوس اقتدار کی پٹی نے ملکی مسائل میں اضافہ کر دیا۔کئی عشروں سے جاری کشکول مشن سے ملک معاشی طور پر بہت کمزور ہو چکا ہے،سابقہ اور موجودہ حکومت نے ملکی قرضوں میں بے پناہ اضافہ کر کے آنے والی نسلوں پر نا اٹھایا جانے والا بوجھ ڈال دیا،تینوں بڑی سیاسی پارٹیاں ملک کو معاشی مسائل سے نکالنے میں مکمل ناکام رہی،آنے والی نسلیں اسٹیٹس کو کے سہولت کاروں کو معاف نہیں کریں گی۔دنیا میں پاکستان شائد واحد ملک ہے جس کے حکمران کشکول لے کر جاتے ہیں لیکن ان کا پروٹو کول اور ٹھاٹھ باٹھ قرض دینے والوں سے کہیں زیادہ ہوتاہے،بد قسمتی سے ہمارے ملک میں صرف چوکیدار تبدیل ہوتا رہا ہے جبکہ فرسودہ نظام وہی کا وہی ہے،ضرورت اس بات کی ہے کہ چوکیدار کے ساتھ ساتھ نظام کو بھی تبدیل کیا جائے تاکہ ملک حقیقی معنوں میں خوشحال اور ترقی کی طرف گامزن ہو سکے۔جماعت اسلامی ملک میں سود،کرپشن،بے روزگاری اور مہنگائی کے خاتمے کے لیے اپنی جدو جہد جاری رکھے گی اب وقت آگیا ہے کہ عوام اسٹیٹس کو کی سیاسی جماعتوں کو مسترد کرتے ہوئے ملک میں اسلامی نظام کے لیے اپنے ووٹ کی طاقت کو استعمال کریں تاکہ ملک کو صیح معنوں میں آئین کے مطابق چلایا جا سکے۔اس وقت جماعت اسلامی ہی واحد آپشن ہے جو ملک کو مسائل سے نکالنے کی صلاحیت رکھتی ہے،ان خیالات کا ظہار انہوں نے منصورہ میں شرکائے تربیت گاہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے کہا کہ آئندہ انتخابات سے پہلے سیاسی ڈائیلاگ ضروری ہے تاکہ نیو سوشل کنٹریکٹ اور انتخابی اصلاحات پر تمام سیاسی پارٹیوں کا مکمل اتفاق ہو بصورت دیگر ملک میں پیدا شدہ سیاسی بحران میں مزید اضافہ ہو گا اب وقت ہے کہ تمام پارلیمانی جماعتوں کو آئین کی بالادستی کے قیام،انتخابی اصلاحات اور اسٹیبلشمنٹ کی سیاست میں مداخلت ختم کرنے کے تین نکاتی ایجنڈے پر مذاکرات کا آغاز کرنا چاہئیے۔
سراج الحق