ملک میں مزید 29افراد کو رونا کا شکار،42کی حالت تشویشناک
اسلام آباد،لاہور(این این آئی) 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے مزید 29 مثبت کیسز رپورٹ، 42 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے،بچوں کی کورونا ویکسینیشن مہم کے دوسرے مرحلے کا ہدف حاصل نہ کیا جا سکا،ساڑھے 4لاکھ سے زائد بچے ویکسی نیشن سے محروم رہ گئے، دوسری جانب‘ ترجمان محکمہ صحت کے مطابق پنجاب بھر سے ڈینگی کے119 مریضوں میں ڈینگی وائرس پایا گیا۔این آئی ایچ کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 7 ہزار 561 کورونا ٹیسٹ کئے گئے، 29 افراد کے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے سے شرح 0.38 فیصد رہی ہے، تاہم اس دوران کورونا وائرس سے کوئی مریض جاں بحق نہیں ہوا۔دریں اثناء پانچ تا 11 سالہ بچوں کی کوروناویکسینیشن مہم کا دوسرا مرحلہ مکمل ہو گیا لیکن مہم کے دوسرے مرحلے کا ہدف حاصل نہ کیا جا سکا، مہم کے دوران ساڑھے 4 لاکھ سے زائد بچے کورونا ویکسینیشن سے محروم رہ گئے۔وزارت قومی صحت کے ذرائع کے مطابق بچوں کی کورونا ویکسینیشن مہم کا دوسرا مرحلہ وفاقی دارالحکومت سمیت سندھ اور پنجاب کے 8 اضلاع میں منعقد ہوا، 31 اکتوبر سے 5 نومبر تک چلائی جانے والی مہم کے دوران پانچ تا گیارہ سال کے بچوں کو کورونا سے بچاؤ کے ٹیکے لگائے گئے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ویکسینیشن مہم لاہور، ملتان، راولپنڈی، اوکاڑہ، بہاولپور، کراچی اور حیدر آباد سمیت اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔دوسری جانب چوبیس گھنٹوں کے دوران پنجاب بھر سے ڈینگی کے119 مریض رپورٹ ہوئے تاہم کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی۔ ترجمان محکمہ صحت کے مطابق لاہور سے 53، ملتان سے 18، گوجرانولہ سے 15،راولپنڈی اور شیخوپورہ سے 5،5 ،سیالکوٹ سے 4، اوکاڑہ اور سرگودھا سے 3،3،قصور اور خانیوال سے 2،2 جبکہ اٹک، ننکانہ صاحب، نارووال، حافظ آباد، بہاولپور، جہلم، ڈیرہ غازی خان، پاکپتن، چنیوٹ سے 1،1 کیس رپورٹ ہوا۔
کورونا، ڈینگی