نئے عام انتخابات،الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس22 نومبر کو طلب
اسلا م آباد (آن لائن)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے نئے عام انتخابات سے متعلق اہم اجلاس 22 نومبر کو طلب کرلیا ہے،چاروں صوبائی الیکشن کمشنرز اور الیکشن کمیشن کے تمام ونگز کو طلب کرلیا گیا ہے،الیکشن کمیشن کے ذرائع نے بتایا کہ عام انتخابات میں دس ماہ باقی ہیں تاہم الیکشن کیلئے آج اعلان ہو جائے تو ہم تیار ہیں،عام انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن نے پلان اے اور بی دونوں تیار کررکھے ہیں،ذرائع نے بتایا کہ الیکشن کمیشن نے بیلٹ پیپرز کے لئے بھی کاغذ حاصل کر لیا ہے،نان سینسیٹو میٹیریل بھی خرید لیا گیا ہے،تمام میٹیریل کی پرنٹنگ بھی جاری ہے،ذرائع نے مزید بتایا کہ الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیاں مکمل کرلی ہیں اور انتخابی فہرستیں بھی اپ ڈیٹ کر دی گئیں ہیں،پولنگ سٹاف کا تمام ڈیٹا تیار کر لیا گیا،پولنگ سٹیشنز کتنے ہوں گے اور کہاں کہاں ہو ں گے سب ڈیٹا تیار کر لیا گیا ہے،انتخابی عملہ کی تربیت،آر ایم ایس کے استعمال کی حکمت عملی بھی تیار کر لی گئی ہیں جبکہ ریٹرننگ افسران اور ڈپٹی آر اوز کی فہرستیں اور ڈیٹا بھی تیار کر لیا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا تھا کہ عدلیہ اور بیوروکریسی کے تین ماہ سے رابطے جاری ہیں،سرکاری افسران کی فہرستیں بھی تین ماہ قبل طلب کی گئیں تھیں، آر اوز اور ڈی آر ارز کی فہرستیں بھی تیار کرلی گئیں ہیں،سرکاری افسران کی تقرریاں اور تبادلے جاری رہتے ہیں،ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ آر اوز اور ڈی آر اوز کی تقرریوں کا فیصلہ الیکشن کے قریب ہو گا، ریٹرننگ افسران عدلیہ سے لیں یا بیوروکریسی سے اس سے متعلق تاحال فیصلہ نہیں ہوسکا،آر اوز سے متعلق قانون میں تین کیٹگیریز ہیں،عدلیہ، بیوروکریسی اور الیکشن کمیشن کے افسران شامل ہیں،الیکشن کمیشن کے افسران ہمہ وقت دستیاب ہیں۔
الیکشن کمیشن