پشاورمیں بھتہ خوروں نے شہریوں کا جیناحرام کردیا

پشاورمیں بھتہ خوروں نے شہریوں کا جیناحرام کردیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور (این این آئی)خیبر پختون خوا کے دارالخلافہ پشاور میں بھتہ خوروں نے جینا حرام کر دیا، دھمکی آمیز کالز نے شہریوں کی نیندیں اڑا دیں، چین، سکون، آرام چھین لیا، شہری خو ف میں مبتلا ہو گئے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق بھتہ خوروں کی دھمکیوں سے کاروباری شخصیات نے پشاور کو خیر باد کہنا شروع کر دیا، تحریکِ انصاف کی حکومت کے ہوتے ہوئے پار ٹی کارکنان بھی بھتہ خوروں کی دھمکیوں سے محفوظ نہیں۔حیات آباد فیز ون میں پی ٹی آئی کے مقامی رہنماء انجینئر ندیم کے گھر دستی بم پھینکنے سے ذدو افراد زخمی ہوئے۔مذکورہ پی ٹی آئی رہنما کی سیکیورٹی کی فراہمی کی درخواست پر بھی عمل درآمد نہ ہو سکا۔پشاور پولیس کے مطابق بھتہ خوروں کیخلاف مقدمات درج کر کے درجنوں بھتہ خوروں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ایس ایس پی آپریشنر کے مطابق بھتے کیلئے کی جانیوالی کالز میں سے بیشتر فیک بھی ہوتی ہیں۔دوسری جانب تحفظ فراہم کرنیوالے ہی لٹیرے بن گئے، جن کا فرض شہریوں کی مدد کرنا تھا وہ اب خود جرائم میں ملوث ہو گئے۔خیبر پختونخوا پولیس میں رواں سال 30 پولیس اہلکاروں پر مختلف جرائم میں مقدمات درج کیے گئے جبکہ 94 اہلکاروں کو ملازمتوں سے فارغ کر دیا گیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق پشاور میں منشیات کا حصول انتہائی آسان ہو گیا، ایک فون کال پر من پسند نشہ مطلوبہ جگہ پر پہنچائے جانے کا سلسلہ نہ رک سکا،نشے کی لت کو پورا کرنے کے لیے نوجوان مختلف جرائم کرنے لگے ہیں۔گزشتہ 3 ماہ کے دوران پولیس نے 100 سے زیادہ جرائم میں ملوث نشے کے عادی نوجوانوں کو گرفتار کیا۔منشیات کی لت نے پشاور کے 19 سالہ اسکندر خان کو جیل کی سلاخوں کے پیچھے پہنچا دیا۔ضلعی انتظامیہ کے سرکاری جامعات میں ڈوپ ٹیسٹ کرانے کے فیصلے پر تاحال عمل درآمد نہیں ہو سکا۔منشیات فروشوں کے کھلے عام دھندے کو روکنے میں پولیس بھی بے بس نظر آنے لگی۔پولیس اور اینٹی نارکوٹکس فورس کی جانب سے زیادہ سے زیادہ مقدار میں منشیات ضبط کی جانے لگی۔پولیس حکام نے دعویٰ کیا کہ پولیس اور اینٹی نارکوٹکس فورس سمیت منشیات کی روک تھام کے ذمے دار اداروں کی یومیہ کارروائیوں کے باوجود منشیات کا کاروبار ہے کہ رکنے کا نام نہیں لے رہاادھر پشاور میں اندرونِ شہر کے اکثر علاقوں میں اسٹریٹ لائٹس خراب ہونے سے راہزنوں کی چاندی ہو گئی،گلی محلے اندھیرا چھاتے ہی تاریکی میں ڈوب جاتے ہیں، لٹیرے تاریکی کا فائدہ اٹھا کر شہریوں کو لوٹنے لگے۔پولیس نے اسٹریٹ لائٹس کے فقدان کو جرائم میں اضافے کی بڑی وجہ قرار دیدیا،اْدھر شہری میئر پشاور کے اسٹریٹ لائٹس کی جلد تنصیب کے وعدوں پر عمل درآمد کے منتظر ہیں۔
پشاور بھتہ

مزید :

علاقائی -