کینڈا کے ساتھ تجارت کے وسیع مواقع موجود ہیں: فیصل کاکڑ
اسلام آباد(اے پی پی):کینیڈا زیادہ تر مصنوعات باہر سے درآمد کرتا ہے جس وجہ سے پاکستان کی کاروباری برادری کیلئے کینیڈا کے ساتھ تجارت اور برآمدات کو فروغ دینے کے عمدہ مواقع موجود ہیں لہذا وہ ان سے فائدہ اٹھائیں۔ پاکستان کا نجی شعبہ کینیڈا کو اپنی بنیاد بنا کر شمالی امریکا کی مارکیٹ سمیت دیگر ممالک کو اپنی برآمدات فروغ دے سکتا ہے،ان خیالات کا اظہار کینیڈا کیلئے نامز د پاکستان کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن فیصل کاکڑ نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر تاجر برادری سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کیا۔ فیصل کاکڑ نے کہا کہ وہ باہمی تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کے لیے پاکستان اور کینیڈا کی تاجر برادری کے درمیان آن لائن بی ٹو بی ملاقاتوں کا اہتمام کرنے کی کوشش کرنے کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کینیڈا کو بہت سی مصنوعات برآمد کر سکتا ہے۔ جن میں چاول، ٹیکسٹائل، آئی ٹی، سافٹ ویئر اور دیگر شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کینیڈا میں 6 سے 7 لاکھ پاکستانی رہتے ہیں اور ان میں سے کچھ کینیڈا کی پارلیمنٹ میں بھی پہنچ چکے ہیں، اس لیے وہ پاکستان اور کینیڈا کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو بہتر بنانے میں موثر کردار ادا کر سکتے ہیں۔
۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وہ کینیڈا میں پاکستان کے لیے کاروبارکے مواقعوں کے بارے میں آئی سی سی آئی کے ساتھ معلومات شیئر کرنے کی کوشش کریں گے تاکہ نجی شعبہ ان سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کرے۔اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ 2020 میں پاکستان اور کینیڈا کی باہمی تجارت صرف 1.11 ارب ڈالر کے لگ بھگ تھی جو دونوں ممالک کی حقیقی صلاحیت کے مطابق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہتر کوششوں سے دوطرفہ تجارت کو 3 سے 5 ارب ڈالر تک بڑھایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کو تعاون کے نئے شعبوں کی تلاش کے لیے اپنے نجی شعبوں کے درمیان مضبوط کاروباری روابط کو فروغ دینے پر توجہ دینی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کینیڈا میں پاکستانی ہائی کمیشن کو چاہیے کہ وہ ایسی مصنوعات کی معلومات حاصل کرے جن کی کینیڈا میں اچھی مانگ ہے اور ان معلومات کو چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ساتھ شیئر کرے تاکہ ہمارا نجی شعبہ کینیڈا میں بہتر مارکیٹ شیئر حاصل کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کے بہت سے شعبوں میں جوائنٹ وینچرز اور سرمایہ کاری کے لیے پرکشش مواقع موجود اور اس بات پر زور دیا کہ ہمارا ہائی کمیشن کینیڈا میں مقیم پاکستانیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری پر آمادہ کرنے کی کوشش کرے جبکہ چیمبر اس سلسلے میں ہرممکن تعاون کرے گا۔آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر فاد وحید نے کہا کہ پاکستان اور کینیڈا زر عی ممالک ہیں لہذا دونوں اس شعبے میں تعاون بڑھا کر فائدہ مند نتائج حاصل کر سکتے ہیں۔ گروپ لیڈر خالد اقبال ملک، زبیر احمد ملک، ظفر بختاوری، محمد اعجاز عباسی، راجہ امتیاز، خالد چوہدری، محمود احمد وڑائچ اور دیگر بھی اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا اور پاکستان و کنیڈا کے درمیان باہمی تجارتی تعلقات کو مزید بہتر کرنے کے بارے میں مفید تجاویز دیں۔