کپاس کے لیے آف سیزن مینجمنٹ حکمتِ عملی جاری کر دی،محکمہ زراعت
اوکاڑہ (اے پی پی):محکمہ زراعت پنجاب نے کپاس کے لیے آف سیزن مینجمنٹ حکمتِ عملی جاری کر دی۔آف سیزن مینجمنٹ پر عمل پیرا ہونے سے کپاس کی آئندہ فصل پر گلابی سنڈی کے حملے کے امکانات بہت کم ہو جائیں گے۔ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے کہا ہے کہ کپاس زراعت میں بنیادی حیثیت رکھتی ہے۔ پاکستان کی معیشت کا زیادہ تر انحصار کپاس کی فصل پر ہے۔ کپاس کی اچھی اور بہتر پیداوار حاصل کرنے کے لئے مختلف عوامل اور مراحل اہم کردار ادا کرتے ہیں۔کپاس کی فصل پر گلابی سنڈی کے حملہ کے پیش نظر موسم سرما کے دوران موثر حکمت عملی اپنا کر آئندہ کپاس کی فصل کو گلابی سنڈی کے نقصان سے بچایا جا سکتا ہے۔گلابی سنڈی ماہ نومبر،دسمبر میں سرمائی نیند کی حالت میں چلی جاتی ہے اور موسم سرما جڑے ہوئے بیجوں،چھڑیوں پر بچے کھچے ٹینڈوں اور جننگ فیکٹریوں کے کچرے میں خوابیدہ حالت میں گزارتی ہے۔ سرمائی نیند سوئی ہوئی سنڈیوں کے پروانے بننے کا انحصار زیادہ تر درجہ حرارت پر ہے۔ مناسب درجہ حرارت میسر آنے پر پروانے بننا شروع ہو جاتے ہیں جو فصل کو نقصان پہنچاتے ہیں۔کاشتکار موسم سرما کے دوران حکمت عملی اپنا کرآئندہ آنے والی کپاس کی فصل کو گلابی سنڈی کے نقصان سے محفوظ رکھ سکتے ہیں۔کپاس کی چنائی مکمل ہونے پر ان کھلے اورمتاثرہ ٹینڈے اچھی طرح توڑ لیے جائیں بعد ازاں ٹینڈوں کو دھوپ میں پھیلاکر پوری طرح کھلنے کے بعد پھٹی کو الگ کر لیا جائے اور بچے ہوئے مواد کوتلف کر دیں۔