سندھ حکومت بچوں کے بہترین مستقبل کیلئے کوشاں ہے، وزیراعلیٰ سندھ
کراچی (سٹاف رپورٹر) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت بچوں کے بہترین مستقبل کیلئے کوشاں ہے اور بچوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے انکی حکومت نے موثر اقدامات کئے ہیں۔ یہ بات انہوں نے بچوں کے عالمی دن کی مناسبت سے وزیراعلی ہاس سے جاری کردہ اپنے پیغام میں کہی۔ وزیراعلی سندھ نے مزید کہا کہ آج سندھ اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں بچوں کا عالمی دن منایا جا رہا ہے۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ عالمی دن منانے کا مقصد بچوں کی فلاح و بھبود کے لئے ملکر کام کرنے کے عزم کرنا ہے۔ انہوں کہا کہ بچے قوم کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت بچوں کو بدسلوکی اور تشدد سے محفوظ رکھنے کے لئے پرعزم ہے۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ بچوں میں خوداعتمادی پیدا کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سماجی و معاشی مسائل کے باوجود صوبائی حکومت نے ٹھوس اقدامات کئے ہیں۔