" توشہ خانہ کی جتنی بھی چیزیں چوری ہوئیں اس پر جے آئی ٹی بننی چاہیے" شرجیل میمن کا مطالبہ
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہاکہ دنیا عمران خان کو معروف کرکٹر کے نام سے جانتی تھی،آج دنیا عمران خان کو گھڑی چور کے نام سے جانتی ہے، عمران خان دوبارہ کبھی وزیر اعظم نہیں بنیں گے ،جتنی بھی توشہ خانہ کی چیزیں چوری ہوئی ہیں اس پر جے آئی ٹی بننی چاہیے۔
وزیراطلاعات سندھ شرجیل میمن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ کراچی سمیت صوبے بھرمیں ترقیاتی کام کررہے ہیں ،سندھ حکومت سیلاب متاثرین کی مددکیلئے کوشاں ہے،حکومت نے گند م کی امدادی قیمت 4ہزار فی من رکھی ہے ، گندم کی پیدوار بڑھے گی اور پاکستان خود کفیل ہوگا،جہاں جہاں لوگ سیلاب کی زد میں آئے سروے شروع ہوگیا ہے، جو کسان گندم کی کاشت کررہے ہیں ، 5، 5 ہزار روپے انہیں دیئے جارہے ہیں۔
شرجیل میمن نے کہاکہ دنیا عمران خان کو معروف کرکٹر کے نام سے جانتی تھی،آج دنیا عمران خان کو گھڑی چور کے نام سے جانتی ہے، عمران خان دوبارہ کبھی وزیر اعظم نہیں بنیں گے ،پی ٹی آئی ورکرز سوچ رہے ہوں گے، غلط باتیں سکھائی ہیں، کس بات پر یقین کریں۔
وزیر اطلاعات سندھ نے کہاکہ عمران خان نے ہر بات پر یو ٹرن لیاہے ،جعلی لیٹر پر اسمبلیاں توڑی گئیں ، پھر اداروں پر الزام لگایا گیا، گزشتہ روز پرویزالٰہی نے کہا کہ انہوں نے نام لیا بات ختم ہوگئی،ملک کا آئین کہتا ہے کسی پر آپ جھوٹا الزام نہیں لگا سکتے۔عمران خان نے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے،ہر ادارے کو متنازعہ بنایاگیا،الیکشن کمیشن سمیت آئینی اداروں کو متنازعہ بنایا گیا مگر عمران خان کو گرفتار نہیں کیاجاسکا۔
ان کاکہناتھا کہ عمران خان کے دور میں نیب اور ایف آئی اے نے چن چن کے لوگوں کا نشانہ بنایا،ایف آئی اے اور نیب ابھی بھی عمران خان کو رعایت دے رہی ہیں،صوبائی وزیر نے کہاکہ شیخ رشید کی کوئی حیثیت نہیں ، کبھی کس جماعت میں کبھی کس میں ،کپتان نے گھڑی چوری میں ہیٹرک کر لی، پہلے ایک اب دو اور چوری کر لیں،توشہ خانہ کا قانون پڑھ لیں، اس سے آگے کچھ نہیں،جتنی بھی توشہ خانہ کی چیزیں چوری ہوئی ہیں اس پر جے آئی ٹی بننی چاہئے۔