دورہ پاکستان کیلئے انگلینڈ کے کھلاڑی کیٹن جیننگز نے اپنی زندگی کا سب سے یادگار لمحہ چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا، بڑی قربانی دیدی
لندن (ویب ڈیسک) انگلینڈ کے آل راؤنڈر کیٹن جیننگز دورۂ پاکستان کے باعث انگلینڈ کی مانچسٹر یونیورسٹی میں شیڈول اپنی گریجویشن کی تقریب میں شرکت نہیں کرسکیں گے۔
برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق کیٹن جیننگز دورۂ پاکستان کے لیے انگلینڈ کے ٹیسٹ سکواڈ میں شامل ہیں اور ان کی گریجویشن کی تقریب کراچی ٹیسٹ سے ایک روز قبل یعنی 16 دسمبر کو ہوگی۔کیٹن جیننگز نے مانچسٹر یونیورسٹی سے ماسٹرز آف بزنس ایڈمنسٹریشن (ایم بی اے) مکمل کیا ہے۔اس حوالے سے انگلش کرکٹر کیٹن جیننگز نے اپنے انٹرویو میں کہا کہ 'گریجویشن تقریب کے حوالے سے اپنی یونیورسٹی سے رابطہ کیا اور یقیناً یونیورسٹی انتظامیہ مجھے گریجویشن کا گاؤن نہیں بھیج سکتی، اس لیے مجھے یہ تقریب کراچی میں بیٹھ کر آن لائن دیکھنی پڑے گی'۔
انہوں نے کہا کہ سپورٹس سے متعلق لوگ خیال کرتے ہیں کہ کھلاڑی سمجھدار نہیں ہوتے لیکن ایسا نہیں ہے۔کیٹن جیننگز نے اعتراف کیا کہ مجھے ہمیشہ سے گاؤن پہن کر گریجویشن کی یادگار تصویر بنوانے کا بہت شوق تھا، مجھے وہ جذبات محسوس کرنے تھے لیکن اب ایسا نہیں ہوسکے گا کیونکہ میں نے گریجویشن گاؤن کی جگہ انگلینڈ ٹیسٹ سیریز کی جرسی کو ترجیح دی، اب وہ ہی پہنوں گا۔
واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا آغاز یکم دسمبر سے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ہوگا، دوسرا ٹیسٹ 9 دسمبر کو ملتان جب کہ تیسرا اور آخری ٹیسٹ 17 دسمبر سے کراچی میں کھیلا جائے گا۔
انگلینڈ کرکٹ ٹیم کی 27 نومبر کو پاکستان آمد شیڈول ہے۔