نومولود بیٹی کیساتھ وقت گزارنے کیلئے باپ نے بھاری تنخواہ والی نوکری ہی چھوڑ دی
نئی دہلی (ویب ڈیسک) بھارت میں نجی کمپنی کے سینیئر نائب صدر نے اپنی نومولود بیٹی کے ساتھ وقت گزارنے کے لیے اچھی تنخواہ والی نوکری ہی چھوڑ دی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق انکت جوشی نامی شخص نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں اس بات سے پردہ اٹھایا کہ بیٹی کی پیدائش کے بعد اس کے ساتھ قیمتی وقت گزارنے کے لیے انہوں نے نوکری سے استعفیٰ دے دیا۔انہوں نے بتایا کہ کچھ ماہ قبل ہی میں نے ایک کمپنی میں بحیثیت سینیئر نائب صدر کے طور پر نوکری شروع کی ، اس دوران میری بیٹی کی پیدائش ہوگئی تو میں نے ایک ہفتے کی چھٹی لی لیکن مجھے احساس ہوا کہ اپنی اولاد کے ساتھ وقت گزارنے کے لیے یہ چھٹی بہت کم ہے اور آفس والے میری چھٹی مزید بڑھائیں گے نہیں اس لیے میں نے نوکری ہی چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ کافی لوگوں نے اس فیصلے پر مستقبل کے حوالے سے مجھے ڈرانے کی کوشش کی ، لیکن نوکری ایسی تھی کہ مجھے دوسرے شہروں کا دورہ کرنا ہوتا تھا اور میں نہیں چاہتا تھا کہ میں یہ وقت اپنی بیٹی کے ساتھ گزارنے کے بجائے سفر میں گزاردوں۔اس لیے میں نے نوکری چھوڑی ۔ انکت جوشی کے مطابق گزشتہ ایک ماہ سے نومولود بیٹی کے ساتھ وقت گزارنے اور لوری سنانے کے باوجود اب بھی میرا دل نہیں بھرا اور میں اس سے زیادہ وقت اپنی بیٹی کے ساتھ گزارنا چاہتا ہوں اس لیے کچھ ماہ اور میرا نوکری تلاش کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے ۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بیٹی کی ماں بھی ایک کمپنی کی ملازم ہیں، انہوں نے بیٹی کی پیدائش کی وجہ سے 6 ماہ کی چھٹیاں لی تھیں تاہم بیٹی کے دنیا میں آنے کے بعد انہیں منیجر کے عہدے پر ترقی مل گئی۔دوسری جانب سوشل میڈیا پر بھی انکت کے فیصلے کو کافی سراہا جارہا ہے۔