قیدی کے بچے کی ماں بننے والی خاتون گارڈ کو قید کی سزا سنا دی گئی

لندن(مانیٹرنگ ڈیسک)قیدی کے ساتھ تعلق استوار کرنے اوراس کے بچے کی ماں بننے والی جیل کی خاتون گارڈ کو قید کی سزا سنا دی گئی۔ دی سن کے مطابق 29سالہ کورینی ریڈ ہیڈ نامی یہ لڑکی ایچ ایم پی دی ماﺅنٹ میں تعینات تھی، جہاں 44سالہ قیدی رابرٹ او کونر ڈکیتی کے جرم میں10سال قید کی سزا کاٹ رہا تھا۔
رپورٹ کے مطابق کورینی کا رابرٹ کے ساتھ ایک سال تک تعلق رہا۔وہ اس وقت پانچ ماہ کی حاملہ تھی، جب اس کے رابرٹ کے ساتھ تعلق کی بھنک جیل انتظامیہ کو پڑی اور اس کے خلاف تحقیقات شروع کر دی گئیں۔ پولیس کو رابرٹ کے سیل میں ٹوائل کے ’یوبینڈ ‘ میں چھپایا گیا ایک فون ملا، جس سے علم ہوا کہ وہ گزشتہ ایک سال سے کورینی کے ساتھ رابطے میں تھا۔ یہ فون بھی کورینی ہی سمگل کرکے جیل میں لائی تھی اور رابرٹ کو دیا تھا۔
رابرٹ کے فون کے ڈیٹا سے علم ہوا کہ آخری 72گھنٹوں میں کورینی نے 100سے زائد بار رابرٹ کے ساتھ رابطہ کیا تھا۔ فون میں کورینی کی نازیبا تصاویر بھی تھیں، جو وہ رابرٹ کو بھیجتی رہی تھی۔ رابرٹ نے کورینی کا نمبر ’مائی بے بی‘ کے نام سے فون میں محفوظ کر رکھا تھا۔ عدالت میں کورینی کا جرم ثابت ہونے پر اسے 25ماہ قید کی سزا سنا کر جیل بھجوا دیا گیا ہے۔