غلط پارکنگ پر خاتون کو جرمانہ، انٹرنیٹ صارفین پولیس پر برس پڑے
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) برطانیہ میں پولیس نے ایک خاتون کو غلط پارکنگ پر 160پاﺅنڈ جرمانہ کر دیا تاہم اس خاتون نے انٹرنیٹ پر ایک پوسٹ میں اپنی غلط پارکنگ کا ایسا جواز بیان کیا ہے کہ بیشتر لوگوں نے پولیس آفیسرز کو تنقید کا نشانہ بنانا شروع کر دیا۔ دی سن کے مطابق 35سالہ کارمن تھامسن نامی اس خاتون کا تعلق برطانوی قصبے نیوکوئے سے ہے۔ وہ اپنی 8ماہ کے بیٹی کو ساتھ لیے شاپنگ کے لیے جا رہی تھی، جب اسے جرمانہ کیا گیا۔
کارمن کا کہنا ہے کہ راستے میں اس کی بیٹی نے رونا شروع کر دیا تھا، بچی کو چپ کرانے کے لیے اس نے گاڑی ایک طرف روکی اور اسے دودھ پلانا شروع کر دیا۔ اسی دوران پولیس کی ایک کار وہاں آ گئی اور اس کو 160پاﺅنڈ کا جرمانہ کر دیا۔ کارمن کا کہنا تھا کہ ”میں نے آفیسرز کو سمجھانے کی بہتیری کوشش کی کہ میں بچی کے رونے کی وجہ سے رکی ہوں مگر انہوں نے میری ایک نہ سنی اور جرمانے کا ٹکٹ مجھے تھما دیا۔ “