سیدمنیر حسین گیلانی کی علامہ ساجد نقوی کے ساتھ ملاقات
لاہور (نمائندہ خصوصی)سابق وفاقی وزیر تعلیم اسلامک ڈیموکریٹک فرنٹ کے چیئرمین سید منیر حسین گیلانی نے قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات میں ملی امور، ملکی سیاسی صورت حال ، آئندہ انتخابات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیا ل کیا گیا۔ دونوں رہنماوںمیں اتفاق پایا گیا کہ صاف شفاف انتخا بات کے نتیجے میں آنے والی حکومت ہی ملکی مسائل حل کرسکتی ہے۔غیر جانبدارانہ انتخابات ہی عوام کے مینڈیٹ کا احترام اور اداروںکے وقار میں اضافے کا باعث ہوگا۔
امید کرتے ہیںکہ الیکشن کمشن اپنی ذمہ داریاںپوری کرے گا۔علامہ ساجد علی نقوی نے سید منیرحسین گیلانی کی خیریت دریافت کی اور ان کی طول عمر کی دعا بھی کی۔واضح رہے کہ منیر گیلانی، علامہ ساجدعلی نقوی کی قیادت میں تحریک جعفریہ کے سیاسی سیل میںمتحرک کردار بھی ادا کرچکے ہیں۔ انہوںنے چند سال امریکہ میں قیام کرنے کے بعد وطن واپسی پر قائد ملت جعفریہ سے ملاقات کی ہے۔دونوں رہنماوں نے ماضی میں سیاسی ہمکاری کے واقعات کو بھی تازہ کیا۔سابق وفاقی وزیر نے ملی سیاسی جماعتوں کو مشترکہ انتخابی لائحہ عمل اختیار کرنے پر زوردیا۔منیر گیلانی نے اپنی خو د نوشت”سیاسی بیداری“ بھی علامہ ساجد علی نقوی کو پیش کی۔ جس میں انہوں نے اپنی یاد داشتوں کو کتابی شکل دے کر قائد ملت جعفریہ مفتی جعفرحسین، شہیدعلامہ عارف حسین الحسینی اور خود علامہ ساجد علی نقوی کے دور میں ہونے والے اہم ملی اور سیاسی امور کا احاطہ کیا ہے۔