پشاور، محکمہ تعلیم، پی آر ڈی ایس اور وی ایس او نے عالمی یوم اطفال منایا
پشاور(سٹی رپورٹر) عالمی یوم اطفال کی مناسبت سے گزشتہ روز گورنمنٹ شہید اسامہ ظفر سینٹینیل ماڈل ہائی سکول نمبر2پشاور میں تقریب کا انعقاد کیا گیاجس میں پشاور کے محتلف سکولوں کے طلباءوطالبات سمیت اساتذہ، وی ایس او ، پی آر ڈی ایس اور محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا کے عہدےداروں نے شرکت کی اور عالمی دن برائے اطفال کے حوالے سے آگاہی دی ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے محکمہ تعلیم کے ضلعی عہدیداروں نے بتایا کہ امسال پشاور میں داخلہ مہم کے دوران سکولوں سے باہر ساڑھے 4لاکھ سے زائد طلباءوطالبات کو داخل کرلیا گیا ہے۔ انہوں نے مختلف مشکلات و مصائب کا سامنا کرنے والے بچوں کےساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے انکی تعلیم سمیت بچوں کے تمام حقوق کے تحفظ اور ان پر تشدد و ہراسانی روکنے کیلئے عملی اقدامات اٹھانے پربھی زوردیا۔تقریب میں ڈی ای او پشاور سجاد اختر،ڈی ای او فیمیل صفیہ امین ،سکول کے پرنسپل ملک میرداﺅدخان، ڈپٹی ڈائریکٹر اسٹیبلشمنٹ مشتاق احمد، ڈی ڈی ای او محمد عارف،ڈی ڈی ای او فیمیل ڈاکٹر راعنا گل، علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے ریجنل ڈائریکٹر شفاعت الرحمان ، ایم وائی آرپی کے پروگرام منیجر طارق حیات یوسفزئی کے علاوہ پی آرڈی ایس، وی ایس او اور دیگر غیر سرکاری تنظیموں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ مقررین نے کہا کہ معاشرے کے تمام طبقات سمیت ریاست کی بنیادی ذمہ داری بنتی ہے کہ بچوں و بچیوں کی تعلیم، صحت اور تحفظ سمیت انہیں بہترین ماحول فراہم کرے تاکہ وہ آگے بڑھ کر معاشرے کے بہترین شہری بن سکیں۔ بین الاقوامی قوانین کی رو سے پاکستان اس بات کا پابند ہے کہ وہ تمام بچوں کے حقوق کایکساں طور پر تحفظ کرے۔اس موقع پربتایا گیاکہ پشاور میں داخلہ مہم کے دوران 2لاکھ 62ہزار طلباءاور1لاکھ 93ہزارطالبات سکولوں میں داخل کرائے گئے ہیں جو گزشتہ سال کی نسبت زیادہ ہے۔ داخلہ مہم کو کامیاب بنانے میں اساتذہ سمیت والدین ، مقامی رضاکار اورسکول چیمپئینز نے کلیدی کردار ادا کیاجنہیں تحائف وسرٹیفیکیٹس سے بھی نوازاگیا۔ مقررین نے بتایا کہ پی آرڈی ایس اور علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے باہمی تعاون سے پشاور، چارسدہ اور نوشہرہ میں لڑکیوں کو مفت تعلیمی وظائف دیئے گئے تاکہ وہ میٹرک کی تعلیم مکمل کرسکیں۔ محکمہ تعلیم کے افسران کا کہنا تھا کہ وہ سکولوں کی کارکردگی بہتربنانے اور بچوں کوخوشگوار ماحول فراہم کرنے کیلئے کوشاں اہیں۔ اس ضمن میں بچوں اور بچیوں کی بہترپرورش، ان پر تشدد کی روک تھام سے متعلق مختلف پیغاماتی ویڈیوز سمیت سکول کے بچوں نے خاکے بھی پیش کیے، جنہیں شرکاءنے سراہا۔ آخر میں شرکاءمیں سرٹیفیکیٹس کے علاوہ مہمانوں میں اعزازی شیلڈز بھی تقسیم کیے گئے۔