مگر مچھوں سے اختیار لیکر عوام کو دینا چاہتے ہیں : فائق شاہ
پشاور(سٹی رپورٹر) چےئرمین امن ترقی پارٹی محمد فائق شاہ نے کہا ہے کہ ہم بڑے بڑے مگرمچھوں سے اختیار چھین کر عوام کو اختیار دینا چاہتے ہیں، خود کوئی عہدہ اور منصب نہیں لینا، صرف انصاف اور اختےار عوام کیلئے ہوگا، نواز،زرداری، عمران اور مولانا سات دہائیوں سے اختیارات اور عوامی حقوق پر قابض ہیں، وعدوں اور دعوﺅں کے علاوہ کچھ نہیں ملا، عوام کے چولہے بجھا دئیے، روزگار، گھر حتیٰ کہ صاف پانی تک چھین لیا یہ کارکردگی ہے جس پر پھر وہ اکٹھے ہو کر لوٹنا چاہتے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ میں خیبر پختونخوا سے آئے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا، محمد فائق شاہ نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام قربانیوں اور جفاکشی کی زندہ علامت ہیں جنہوں نے ہر مشکل میں ریاست پاکستان کے تحفظ کیلئے جانیں اور سب کچھ قربان کیا تاریخ گواہ ہے کہ جنگ و امن میں سب سے زیادہ قربانیاں خیبرپختونخوا کے عوام نے دی ہیں انہیں محروم کرنا اور ناانصافی ظلم ہے جس کے خاتمے کیلئے ہم عوام کےساتھ کھڑے ہیں، انہوں نے کہا کہ امن ترقی پارٹی کا منشور اور پروگرام دیکھیں انتخابات ہوں یا حقیقی جمہوریت کی جدوجہد امن ترقی پارٹی کے پلیٹ فارم پر متحد ہو کر جدوجہد کریں ہم اقتدار دینے آئے ہیں لینے نہیں آئے، ہمارے منشور میں یونین کونسل سے لے کر مرکز تک اختےار براہ راست عوام کے پاس ہوگا، پارٹی چیئرمین کوئی عہدہ اور منصب نہیں لے گا، انہوں نے مختلف افراد کی امن ترقی پارٹی میں شمولیت اور جدوجہد میں حصہ لینے کے اعلان پر نئے افراد کو خوش آمدید کہا انہوں نے اعلان کیا کہ عوام ساتھ ملیں اختیار اور انصاف ہم لے کر دیں گے۔