ادارے حلف کی پاسداری کرتے ہوئے الیکشن میں غیر جانبداررہیں ، سراج الحق 

ادارے حلف کی پاسداری کرتے ہوئے الیکشن میں غیر جانبداررہیں ، سراج الحق 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

  

لاہور (نمائندہ خصوصی)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ 2024 ءکے انتخابات 2018ءکی طرح ہوئے توملک کے لیے تباہ کن ہوں گے۔ عوام بیدار ہیں، 76برس کے جبر، ناانصافیوں سے ان کا پیمانہ صبر لبریز ہوچکا، قوم نے مارشل لاادوار، پیپلز پارٹی، ن لیگ اور پی ٹی آئی کی حکومتیں دیکھ لیں، اب وہ حقیقی تبدیلی چاہتے ہیں، الیکشن میں ماضی کی طرح جعلی حکومت بنائی گئی تو اسے قبول نہیں کیا جائے گا۔ ادارے حلف کی پاسداری کرتے ہوئے الیکشن میں غیر جانبداررہیں، تمام سیاسی جماعتوں کو مساویانہ مواقع دیے جائیں، الیکشن کمیشن صاف شفاف انتخابات کرا کے عوام میں اپناوقار بحال کرسکتا ہے۔منصورہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے جماعت اسلامی غزہ میں ظلم کے خلاف اور پاکستانی عوام کے حقوق کے لیے مختلف شہروں میں عوامی اجتماعات کا اعلان کیا جس کے مطابق22نومبر کو پشاور،23کو اسلام آباد، 24کو چنیوٹ، 25کو پاکپتن میں مظاہروں اور مارچز کا انعقاد کیاجائے گا۔ امیر جماعت 26اور 27نومبر کوجنوبی پنجاب میں دوروزہ روڑکارواں کی قیادت کریں گے۔ سیکرٹری جنرل امیرالعظیم، سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف، نائب امیر کے پی عنایت اللہ خان اور امیر ضلع سکھر حزب اللہ جھکڑو بھی پریس کانفرنس میں امیر جماعت کے ہمراہ تھے۔سراج الحق نے اتوار کو لاہور میں ہونے تاریخی غزہ مارچ میں بھرپور شرکت کرنے پر زندہ دلان لاہور، خواتین، فیمیلز، بچوں اور دیگر مقامات سے آئے ہوئے افراد، طلباوطالبات کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالی شرکاءکو مظلوموں کے حق میں آواز بلند کرنے کے صلہ میں دنیا وآخرت میں کامیابی و کامرانی سے نوازے۔ انہوں نے کہا کہ23نومبر کو وفاقی دارالحکومت میں فلسطینی بچوں سے اظہاریکجہتی کے لیے پاکستانی بچوں کا مارچ ہوگا، پشاور میں نوجوانوں کا اجتماع ہے۔ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی نوجوانوں میں مقبول ترین جماعت ہے، سازشوں سے عوام کا راستہ نہیں روکاجاسکتا۔ افغانستان میں فتح، ایران میں انقلاب اور قائداعظم کی قیادت میں پاکستان کا معرض وجود میں آنا، عوامی جذبوں اور حمایت کا آئینہ دار ہے۔ انہوں نے کہا بدقسمتی سے ملک وہ مقصد حاصل نہیں کرسکا جس کی خاطر آزادی حاصل کی گئی، ظالم جاگیردارانہ نظام برقرار ہے، کرپشن، مہنگائی، بے روزگاری حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کے نتائج ہیں۔

سراج الحق

مزید :

صفحہ آخر -