خوشحال اور پائیدار مستقبل کا انحصار جدید علم اور تحقیق پر ہے،بلیغ الرحمان 

خوشحال اور پائیدار مستقبل کا انحصار جدید علم اور تحقیق پر ہے،بلیغ الرحمان 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور (آن لائن) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے ایکسپو سینٹر لاہور میں پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن اور صوبائی یونیورسٹیوں کے زیر اہتمام آل پنجاب یونیورسٹیز انوویشن ایکسپو 2023 کی اختتامی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر 450 کے قریب تحقیقی پراجیکٹس کی نمائش کی گئی۔ اس موقع پر چیئرمین پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر شاہد منیر، چیئرمین اے پی ایس یو پی چوہدری عبدالرحمن، یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز، یونیورسٹیوں کے مختلف شعبہ جات کے ڈینز، مقامی صنعت کے مالکان، حکام، حکومتی پالیسی سازوں، طلباءاور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ ہمارے تعلیمی اداروں کو جدید صنعتی اور عصری تقاضوں کو سمجھنے اور اپنے طلباءکی صلاحیتوں کو نکھارنے اور اس کے مطابق ان کی رہنمائی کرنے کے لیے ایسی نمائش کا انعقاد بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بہت خوش آئند ہے کہ طلباءنئے پراجیکٹس اور آئیڈیاز لے کر آئے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ یہ پلیٹ فارم ان کے لیے نئے مواقع پیدا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان آبادی ملک کا ڈیموگرافک ڈیویڈنڈ ہے اور ہمیں اس سے فائدہ اٹھانا چاہئے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی نوجوان بہت باصلاحیت ہیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ 2013-18 میں یونیورسٹیوں کی ریسرچ گرانٹس کی فنڈنگ میں اضافہ کیا گیا۔ لیپ ٹاپ سکیم کے اچھے نتائج برآمد ہوئے۔ اس سے ڈیجیٹل تقسیم کم ہوئی اور نوجوانوں کے لیے ای روزگار کے مواقع پیدا ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی نوجوانوں نے گیمنگ ایپس میں دنیا میں اپنا نام روشن کیا ہے۔ گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ خوشحال اور پائیدار مستقبل کا انحصار جدید علم اور تحقیق پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیوں کا بنیادی مقصد تحقیق اور اختراع ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن اور پنجاب یونیورسٹیوں نے آگے بڑھ کر ایسی منفرد نمائش کا انعقاد کیا ہے جو کہ قابل تعریف ہے۔

 بلیغ الرحمان 

مزید :

صفحہ آخر -