ملکی نظام بہتر انداز میں چلانے کیلئے تمام جماعتیں اپنا بیانیہ سامنے لائیں، پرویز اشرف
اسلام آباد(آن لائن) اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ ملکی نظام بہتر انداز میں چلانے کیلئے تمام جماعتیں اپنا بیانیہ سامنے لائیں۔9 مئی واقعات میں ملوث افراد کو الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت نہیں ہونی چاہئے۔سویلینز اگر فوجی تنصیبات پر حملہ کریں تو ٹرائل ملٹری کو رٹ میں ہی ہوناچاہئے۔نوجوانوں کو ضرور آگے آنا چاہئے لیکن 70سال والے سیاستدان بھی ضروری ہیں۔سلیکٹڈ وزیراعظم کبھی منتخب وزیراعظم کی طرح درست کام نہیں کر سکتا۔اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ شفاف الیکشن کے بغیر ملکی نظام درست انداز میں نہیں چل سکتا۔آصف زرداری الیکشن کمیشن سے مطمئن ہیں،ہر شہری اور ہر جماعت کو اعتماد ہونا چاہئے۔الیکشن متنازع ہونے کے باعث حکومتیں ڈلیور نہیں کر سکتیں۔راجہ پرویز اشرف نے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ نگران وزیراعظم کو سیاسی بیانات سے گریز کرنا چاہئے۔نگران حکومت کا کام نیوٹرل رہ کر الیکشن کروانا ہے، اسی پر توجہ دینی چاہئے۔انہوں نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن مضبوط ہو تو نگران حکومت کی ضرورت ہی نہیں پڑے گی۔آئندہ حکومت کو الیکشن کمیشن کو مزید مضبوط بنانے کیلئے کام کرنا ہو گا۔آصف زرداری نے الیکشن شفاف بنانے کیلئے سب کو مل بیٹھنے کی دعوت دی ہے۔خواتین اور نوجوانوں کو آگے لانے کیلئے مناسب مواقع دیئے جانے چاہئیں۔
سپیکر قومی اسمبلی