پچ پرآ کر کوہلی کو گلے لگانے والے آسٹریلوی شہری کے بارے میں حیران کن معلومات سامنے آگئیں
احمد آباد (ویب ڈیسک)بھارت اورآسٹریلیا کے درمیان جاری ورلڈکپ فائنل میچ کے دوران ایک تماشائی سیکیورٹی حصار توڑتے ہوئے میدان میں داخل ہوا اور پچ پر موجود ویرات کوہلی کو گلے لگا لیا، اس واقعہ نے سٹیڈیم میں بیٹھے تمام افراد کو دنگ کر دیا تاہم بعدازاں پولیس نے فوری حراست میں لیتے ہوئے اسے احمد آباد کرائم برانچ کے حوالے کر دیا تھا ۔ اب اس غیر ملکی شہری کے بارے میں تمام معلومات سامنے آ گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق غیر ملکی شہری کی شناخت جانسن وین کے نام سے ہوئی ہے اور اس کا تعلق آسٹریلیا سے ہے جو کہ انسٹاگرام پر ’پیجاما مین‘ کے نام سے پہنچانا جاتا ہے۔کرائم برانچ کی جانب سے پیر کے روز جاری کردہ ریلیز کے مطابق جانسن اس طرح کے اسٹنٹ پبلسٹی کے لیے کرتے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ جانسن کو کسی بھی موجودہ بین الاقوامی مسئلے سے خود کو جوڑنے اوربطور ٹک ٹاکر شہرت حاصل کرنے کے لیے میدانوں پر حملہ کرنے کی عادت ہے۔تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ جانسن کے والد چینی نژاد ہیں جبکہ والدہ کا تعلق فلپائن سے ہے۔سڈنی میں رہنے والا جانسن وین ایک سولر پینل فرم کے ساتھ کام کرتا ہے۔
واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب جانسن نے اس طرح کا اسٹنٹ کیا ہو۔اگست میں جانسن نے انگلینڈ اور اسپین کے درمیان ویمنز ورلڈ کپ فٹ بال فائنل کے دوران پچ پر حملہ کیا تھا۔اس موقع پر جانسن نے ’فری یوکرین‘ ٹی شرٹ پہن کھی تھی جس کے فرنٹ پر ’اسٹاپ پٹلر‘ لکھا ہوا تھا۔ اس رکاوٹ کی وجہ سے ویمنز ورلڈ کپ فائنل کے پہلے ہاف میں تاخیر ہوئی تھی۔
یہی نہیں، وین جانسن نے 2020 میں ایک رگبی میچ میں بھی خلل ڈالتے ہوئے ’فلاس‘ ڈانس کیا تھا۔ اس اسٹنٹ کے لیے ان پر 200 ڈالر کا جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔اتوار کے روز جانسن کے اسٹنٹ کی وجہ سے بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان میچ میں بھی وقفہ ہوا۔