شادی کی تقریب میں ’رس گلوں‘ کی وجہ سے لڑائی ہو گئی، 6 افراد زخمی
نئی دہلی (ویب ڈیسک) بھارت کی سب سے بڑی ریاست اترپردیش کے شہر آگرہ میں شادی کی تقریب میں رس گلوں کی کمی پر ہونے والے جھگڑے میں چھ افراد زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ اتوار کی نصف شب کے قریب پیش آیا۔ جھگڑے میں زخمی ہونے والوں کو ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے جہاں ان کی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے۔واقعہ میں چھ افراد زخمی ہوئے جس کی ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔،شمس آباد پولیس سٹیشن کے ایس ایچ او انیل شرما کا کہنا ہے کہ جو لوگ ہسپتال میں ہیں وہ خطرے سے باہر ہیں۔
لڑائی کا آغاز اس وقت ہوا جب برج بھان کشواہا نامی شہری کی رہائش گاہ پر ہونے والی شادی کی تقریب میں موجود ایک شخص نے رس گلوں کی کمی پر تبصرہ کیا۔ایس ایچ او کے مطابق اس وجہ سے لڑائی ہوئی اور بھگوان دیوی، یوگیش، منوج، کیلاش، دھرمیندر اور پون زخمی ہو گئے۔
اس سے قبل اکتوبر 2022 میں بھی اتماد پور میں ایک شادی میں مٹھائی کی کمی کو لے کر ہونے والے جھگڑے میں ایک شخص ہلاک ہو گیا تھا۔