پی ٹی آئی رہنماؤں یاسمین راشد اور اعجاز چوہدری پر فرد جرم عائد کر دی گئی
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پی ٹی آئی رہنما یاسمین راشد اور اعجاز چوہدری پر 9 مئی کو پولیس کی گاڑیاں جلانے کے کیس میں فرد جرم عائد کر دی گئی۔
نجی ٹی وی "دنیا نیوز" کے مطابق سانحہ 9 مئی کے دوران جلاؤ گھیراؤ سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی جس کے دوران پی ٹی آئی رہنماؤں یاسمین راشد، روبینہ جمیل اور اعجاز چوہدری کو عدالت میں پیش کیا گیا۔ انسداد دہشت گردی عدالت کی جج عبہر گل خان نے پی ٹی آئی رہنماؤں پر فرد جرم عائد کی تاہم ملزمان نے صحت جرم سے انکار کر دیا۔
عدالت نے ملزمان کے خلاف پراسیکیوشن کے گواہان کو شہادت ریکارڈ کروانے کیلئے طلب کر لیا اور سماعت ملتوی کر دی۔
واضح رہے کہ 9 مئی کو پولیس کی گاڑیاں جلانے کا مقدمہ لاہور کے تھانہ سرور روڈ میں درج ہے۔