مقامی سطح پر اسمبل ہونے والی سیریز تھری الیکٹرک کار متعارف کرا دی گئی ، قیمت میں نمایاں کمی
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) ریگل موٹرز نے مقامی سطح پر اسمبل ہونے والی سیریز تھری الیکٹرک کار متعارف کرا دی۔نیوز ویب سائٹ’پروپاکستانی‘ کے مطابق اس گاڑی کی قیمت 91لاکھ 99ہزار روپے رکھی گئی ہے۔ مکمل تیار شدہ حالت میں درآمد کی گئی یہ گاڑی ایک کروڑ روپے سے زائد قیمت میں فروخت ہو رہی تھی، چنانچہ مقامی سطح پر اسمبلنگ کے سبب اس کی قیمت میں نمایاں کمی آئی ہے۔
کسٹمرز 30لاکھ روپے کی پیشگی ادائیگی کے ساتھ اس گاڑی کی بکنگ کرا سکتے ہیں۔ کسٹمرز کو گاڑی کی ڈلیوری24مارچ 2024ءسے شروع ہو جائے گی۔گاڑی میں الیکٹرانک پینارامک سن روف، ڈی آر ایلز کے ساتھ ایل ای ڈی ہیڈ لیمپس ، الیکٹرانک، ہیٹڈ اینڈ آٹو ری ٹریکٹ ایبل سائیڈ ویو مررز، 360ڈگری ویو کیمرا، سپیئر ٹائر، 18انچ الائے وہیلز، لیدر انٹیریئر، ملٹی انفارمیشنل ڈسپلے، 6سپیکرز، فرنٹ سیٹ ہیٹنگ، کروز کنٹرول، وائرلیس چارجر سمیت متعدد فیچرز دیئے گئے ہیں۔
یہ گاڑی 49کلوواٹ آور بیٹری پیک کے ساتھ ایک ری چارج میں 400کلومیٹر کا فاصلہ طے کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ اس بیٹری پیک کے ساتھ گاڑی کی موٹر 160ہارس پاور اور 300نیوٹن میٹر ٹارک پیدا کرتی ہے۔ اس کی بیٹری 7سے 8گھنٹوں میں 80فیصد تک چارج ہو جاتی ہے۔فاسٹ چارجنگ کے ساتھ چارجنگ ٹائم میں 2سے 3گھنٹے کمی لائی جا سکتی ہے۔